کیف: امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے یوکرینی حکام کے ساتھ ’’اہم اور سنجیدہ‘‘ بات چیت کے بعد کیف اور ماسکو پر مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے زور دیا ہے۔ CNN کے مطابق ٹرمپ کے دونوں اہم معاونین کا کیف کا یہ دورہ روس-یوکرین تنازع شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ہوا ہے۔
اتوار کو ہونے والی بات چیت کے بعد کسی بڑی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم وٹکوف نے کہا کہ انہیں ’’اعتماد ہے کہ یہاں ایک اچھا حل نکلے گا۔‘‘ یہ مذاکرات وٹکوف اور کشنر کی جانب سے 5 ستمبر کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقاتوں کے بعد ہوئے۔ یہ ملاقاتیں روس اور یوکرین کی جنگ ختم کرانے کے لیے امریکہ کی نئی کوششوں کا حصہ ہیں۔ CNN کے مطابق کیف میں مذاکرات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کشنر نے کہا کہ ان کے
خیال میں تین فریقی مذاکرات دوبارہ شروع کرنا زیادہ مفید ہوگا، جیسا کہ تقریباً چھ ماہ قبل کیا گیا تھا۔ کشنر نے کہا کہ وہ تین فریقی مذاکرات کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس میں تمام فریق براہِ راست ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں اور امریکہ کو یوکرین یا روس کی جانب سے بات کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے تین فریقی مذاکرات میں تمام فریق ایک دوسرے سے روسی زبان میں براہِ راست بات کرتے اور دوستانہ ماحول میں مسائل پر تبادلہ خیال کرتے تھے۔ کشنر نے بتایا کہ واشنگٹن نے اس تجویز کے حوالے سے دونوں فریقوں سے بات کی ہے اور امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں جلد پیش رفت ہوگی۔ روس کے حالیہ دورے کے بارے میں وٹکوف نے کہا کہ ان کی ٹیم کی صدر پوتن کے ساتھ ’’اچھی اور ٹھوس بات چیت‘‘ ہوئی۔
انہوں نے کہا، ’’اگر آپ کے دونوں فریقوں کے ساتھ تعلقات نہیں ہیں اور رابطہ کمزور ہے تو پُرامن حل تک پہنچنے کے امکانات بہت ہی کم ہوں گے۔‘‘ CNN کے مطابق امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات اتوار کی شام مقامی وقت کے مطابق ختم ہوئے۔ بات چیت کے دو دور ہوئے، جس کے بعد یورپی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کا تیسرا دور منعقد ہوا۔
یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ کیریلو بودانوف کے مطابق برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے حکام بھی کیف میں موجود تھے۔ دریں اثنا، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین، یورپ اور امریکہ مستقبل قریب میں دوبارہ ملاقات کریں گے۔ زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کشنر اور وٹکوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے کچھ حصے شیئر کرتے ہوئے تینوں دور کی بات چیت کو ’’بہت اہم اور سنجیدہ‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے لکھا، ’’یہ سب بہت اہم اور سنجیدہ مذاکرات تھے۔ میں اسٹیو اور جیرڈ کا یہاں آنے کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ہم امریکہ کے صدر کے بھی شکر گزار ہیں۔ ہماری اچھی بات چیت ہوئی۔‘‘ زیلنسکی نے مزید کہا کہ مذاکرات میں موسم سرما کے دوران درپیش چیلنجز پر بھی مناسب توجہ دی گئی اور انہیں امید ہے کہ اس معاملے میں امریکی شراکت داروں کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے میں کامیابی ہوگی، جبکہ یورپی شراکت داروں کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔
زیلنسکی نے امریکی اور یورپی شراکت داروں کی مدد سے یوکرین کے دفاعی اور توانائی کے شعبوں کو مضبوط بنانے کی اپیل بھی دہرائی۔ امریکی ایلچیوں کے دورۂ کیف کے دوران روس اور یوکرین نے 72 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی بھی نافذ کی، جس کے تحت دونوں ممالک کے دارالحکومتوں پر فضائی حملے روکنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ تاہم CNN نے یوکرین کی فضائیہ کے حوالے سے بتایا کہ روسی حملے جاری رہے، البتہ کیف کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا۔