ٹرمپ کا کینیڈین وزیر اعظم سے ملاقات سے انکار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-10-2025
ٹرمپ کا کینیڈین وزیر اعظم سے ملاقات سے انکار
ٹرمپ کا کینیڈین وزیر اعظم سے ملاقات سے انکار

 



واشنگٹن / آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز اشارہ دیا کہ وہ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی سے ملاقات کا ارادہ نہیں رکھتے، یہ بیان انہوں نے ایشیا کے دورے پر روانگی سے کچھ ہی دیر قبل وائٹ ہاؤس میں دیا۔
 جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ مارک کارنی سے ملاقات کریں گے، جو ایشیا میں بھی موجود ہوں گے، تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ نہیں، میرا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ٹرمپ نے ایک متنازع کینیڈین اشتہار کے پسِ منظر میں کیے گئے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو انہوں نے کیا وہ واقعی بےایمانی ہے۔ میں نے سنا تھا کہ وہ یہ اشتہار ہٹا رہے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ اسے کچھ دیر اور چلانے والے ہیں۔ وہ اسے آج رات ہی ختم کر سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو گندا کھیل ہے، مگر میں اُن سے زیادہ گندہ کھیل سکتا ہوں۔ یہ تبصرے ٹرمپ کے اُس اعلان کے بعد آئے ہیں جو انہوں نے جمعرات کو کیا تھا، جس میں انہوں نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے سے امریکہ اور اس کے دوسرے سب سے بڑے تجارتی شراکت دار کے درمیان معاشی تعلقات میں تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے اشتہار کے ردِعمل میں آیا ہے جسے ٹرمپ نے "جعلی" قرار دیا — اشتہار میں سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کی ایک تقریر کے حصے شامل کیے گئے تھے، جو بظاہر محصولات (ٹیرِفس) کے خلاف دکھائی دے رہے تھے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ رونالڈ ریگن فاؤنڈیشن نے ابھی اعلان کیا ہے کہ کینیڈا نے ایک جعلی اشتہار میں ریگن کی ویڈیو کا غلط استعمال کیا، جس میں وہ محصولات کے خلاف بولتے دکھائے گئے۔ یہ اشتہار 75,000 امریکی ڈالر کا تھا۔ اُنہوں نے یہ سب صرف اس لیے کیا تاکہ امریکہ کی سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں کے فیصلوں پر اثر ڈال سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محصولات امریکہ کی قومی سلامتی اور معیشت کے لیے نہایت اہم ہیں۔ اُن کے سنگین رویے کی بنیاد پر کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کیے جاتے ہیں۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ! صدر ڈی جے ٹی۔
جمعہ کو اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے کہا کہ وزیرِاعظم مارک کارنی سے بات چیت کے بعد امریکی اشتہاری مہم پیر کے روز “عارضی طور پر روک دی جائے گی تاکہ تجارتی مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکیں”، تاہم سی این این کے مطابق یہ اشتہار ہفتے کے اختتام پر بیس بال ورلڈ سیریز کے دوران بدستور نشر ہوتا رہے گا۔ یہ متنازع اشتہارات، جو مبینہ طور پر اونٹاریو حکومت کی جانب سے ادا کیے گئے ہیں، بڑے امریکی نشریاتی چینلز پر چل رہے ہیں اور ان کی مجموعی لاگت تقریباً 75 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔