واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو سرگرمی سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ رجحان ہے جس کی وجہ سے امریکہ کو اپنے ایٹمی تجربات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پیش آئی ہے۔
سی بی ایس نیوز کے پروگرام "60 منٹس" میں اتوار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ روس، چین، شمالی کوریا اور پاکستان جیسے ممالک ایٹمی تجربات کر رہے ہیں، جب کہ امریکہ واحد ملک ہے جو ایسا نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ روس تجربات کر رہا ہے، چین بھی کر رہا ہے، مگر وہ اس بارے میں بات نہیں کرتے۔ ہم ایک کھلا معاشرہ ہیں، ہمیں بات کرنی پڑتی ہے کیونکہ ہمارے یہاں آزاد میڈیا ہے۔ دوسرے ممالک میں تو کوئی صحافی نہیں جو یہ بات رپورٹ کرے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ م بھی تجربات کریں گے کیونکہ وہ سب کر رہے ہیں۔ شمالی کوریا کر رہا ہے، پاکستان بھی کر رہا ہے۔”
انہوں نے یہ بات روس کے جدید ایٹمی ہتھیاروں، بشمول پوسائیڈن زیرِآب ڈرون، کے حالیہ تجربات کے بعد اپنے فیصلے کے دفاع میں کہی۔
ٹرمپ نے کہا کہ آپ کو یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ یہ ہتھیار کیسے کام کرتے ہیں۔ روس نے اعلان کیا کہ وہ تجربہ کرے گا، شمالی کوریا تو مسلسل کر رہا ہے، دوسرے بھی کر رہے ہیں۔ ہم واحد ملک ہیں جو نہیں کر رہا — اور میں نہیں چاہتا کہ ہم واحد ملک رہیں جو نہیں کرتا۔”
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکہ کے پاس دنیا کے سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ایٹمی تخفیف (denuclearisation) پر بات کی ہے۔
“ہمارے پاس اتنے ایٹمی ہتھیار ہیں کہ ہم دنیا کو 150 بار تباہ کر سکتے ہیں،” ٹرمپ نے کہا۔ “روس کے پاس بھی بہت ہیں، اور چین کے پاس بھی اب کافی تعداد میں ہیں۔”
گزشتہ جمعرات کو ٹرمپ نے امریکہ میں تین دہائیوں بعد ایٹمی تجربات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے روس کے تازہ تجربات کے بعد ایک بڑی سفارتی اور عسکری پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایئر فورس ون میں سوار ہونے سے قبل ٹرمپ نے کہا، “اگرچہ ایٹمی ہتھیاروں میں کمی ایک شاندار بات ہوگی، مگر جب دوسرے ممالک تجربات کر رہے ہیں تو ہمارے لیے بھی یہ مناسب ہے کہ ہم کریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ تجربات کے لیے تمام تیاری مکمل ہے، اگرچہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ پہلا تجربہ کب اور کہاں ہوگا۔
دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک نیا قانون منظور کیا ہے جس کے تحت امریکہ کے ساتھ پلوٹونیم کے تلف کرنے کے پرانے معاہدے کو ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ 2000 میں طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کو 34 ٹن فوجی استعمال کے لیے غیر ضروری پلوٹونیم تلف کرنا تھا۔