ٹرمپ نے ہند-پاک کے درمیان ایٹمی جنگ روکنے کے دعوے کو دہرایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-12-2025
ٹرمپ نے ہند-پاک کے درمیان ایٹمی جنگ روکنے کے دعوے کو دہرایا
ٹرمپ نے ہند-پاک کے درمیان ایٹمی جنگ روکنے کے دعوے کو دہرایا

 



نیویارک/ آواز دی وائس
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان۔پاکستان تنازع حل کرانے کے اپنے دعوے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کی قیادت نے لاکھوں لوگوں کی جان بچانے کا کریڈٹ انہیں دیا ہے۔
ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ ہم نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جوہری جنگ ہونے سے روک دیا۔ پاکستان کے سربراہ اور ایک نہایت معزز جنرل، جو فیلڈ مارشل بھی ہیں، انہوں نے اور پاکستان کے وزیرِ اعظم نے بھی کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک کروڑ لوگوں کی جان بچائی، شاید اس سے بھی زیادہ۔ انہوں نے یہ تبصرے فلوریڈا کے مار-اے-لاگو میں وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ، بحریہ کے سیکریٹری جان فیلن اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کی موجودگی میں کیے۔
امریکی صدر نے کہا کہ آپ جانتے ہیں، آٹھ طیارے مار گرائے گئے تھے۔ وہ جنگ مزید شدت اختیار کرنے والی تھی اور انہوں نے حال ہی میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک کروڑ لوگوں کی جان بچائی، شاید اس سے بھی زیادہ۔ اس لیے ہم نے یہ تمام جنگیں سلجھا دیں۔ واحد جنگ جسے میں اب تک حل نہیں کر پایا ہوں، وہ روس۔یوکرین کی ہے۔
ٹرمپ نے 10 مئی کو سوشل میڈیا پر یہ اعلان کیا تھا کہ امریکہ کی ثالثی میں “دیر رات” تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد ہندوستان اور پاکستان “مکمل اور فوری” جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد سے وہ 60 سے زائد بار یہ دعویٰ دہرا چکے ہیں کہ انہوں نے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی “کم کرنے میں مدد کی۔
ہندوستان نے کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت سے مسلسل انکار کیا ہے۔
ہندوستان نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے جواب میں 7 مئی کو ‘آپریشن سندور’ شروع کیا تھا، جس کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ پہلگام حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
‘آپریشن سندور’ کے بعد چار دن تک سرحد پر شدید ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد 10 مئی کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازع ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔