واشنگٹن،:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے میں مزید تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے جس کا مقصد جنگ بندی کو طویل مدت تک برقرار رکھنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تازہ ترین مسودے میں 60 روزہ جنگ بندی۔ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے اقدامات اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کی بحالی کا ایک فریم ورک شامل ہے۔ تاہم اب تک کسی باضابطہ معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس میں جمعہ کے روز ہونے والا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جس کا مقصد اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرنا تھا کسی واضح نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا۔صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنا ممکنہ معاہدے کا بنیادی جزو رہے گا۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا۔"میرے لیے سب سے اہم ضمانت یہ ہے کہ ایران کے پاس کوئی جوہری ہتھیار نہ ہوں۔"
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ معاہدہ طے کرنے کے معاملے میں جلد بازی میں نہیں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے جمعہ کے اجلاس کے دوران معاہدے کے مسودے میں کئی تبدیلیوں کا مطالبہ کیا تھا اور اس کے بعد بھی مزید ترامیم پر زور دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا"صدر ٹرمپ صرف ایسا معاہدہ کریں گے جو امریکہ کے لیے مفید ہو اور ان کی طے شدہ سرخ لکیروں پر پورا اترتا ہو۔موجودہ تجویز میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران کے اعلیٰ درجے تک افزودہ یورینیم کے ذخائر کے مسئلے سے نمٹنے کی شقیں بھی شامل ہیں۔
اگر سفارتی عمل آگے بڑھتا ہے تو اس معاہدے کے تحت اقتصادی پابندیوں میں نرمی کے ذریعے ایران کو منجمد مالی اثاثوں کی مد میں اربوں ڈالر تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
اس دستاویز کو پہلے ایک مفاہمتی یادداشت قرار دیا گیا تھا جس کی دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ منظوری کا انتظار ہے۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ مضبوط اور واضح ضمانتوں کے بغیر کسی معاہدے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ تہران کسی بھی ایسی تجویز کو مسترد کر دے گا جس میں ایران کے حقوق کا مکمل تحفظ نہ کیا گیا ہو۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا"جب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جاتا تب تک اس وقت کہی جانے والی ہر بات محض قیاس آرائی ہے۔"ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سفارتی مذاکرات مسلسل جاری ہیں اور دونوں فریق مسودے میں اپنی اپنی ترامیم پیش کر رہے ہیں۔
مزید برآں تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ وسیع تر جوہری مذاکرات کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کے منجمد مالی اثاثے بحال کیے جائیں۔
یہ حساس مذاکرات کئی ماہ تک جاری رہنے والی شدید جنگ اور 8 اپریل سے نافذ ایک عارضی جنگ بندی کے بعد ہو رہے ہیں۔ اگرچہ صدر ٹرمپ متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ حتمی معاہدہ قریب ہے لیکن اب تک کوئی باضابطہ معاہدہ سامنے نہیں آ سکا۔سفارتی تعطل کے دوران امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والی شرائط واشنگٹن کی توقعات پر پوری نہ اتریں تو فوجی کارروائیاں فوری طور پر دوبارہ شروع کی جا سکتی ہیں۔
سنگاپور میں ایک خطاب کے دوران انہوں نے کہا۔"ہمارے فوجی ذخائر اس مقصد کے لیے مکمل طور پر کافی ہیں۔"دریں اثنا پاکستان بھی پس منظر میں سفارتی رابطوں میں کردار ادا کر رہا ہے اور امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں میں ثالثی کی کوششوں میں شامل ہے۔
تازہ پیش رفت مجوزہ معاہدے کے مسودے پر ایک اور دور کی ازسرنو گفت و شنید کی عکاسی کرتی ہے جہاں واشنگٹن اور تہران بنیادی شقوں اور عملی نکات پر اختلافات کا شکار ہیں۔