واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز امریکا اور بیرون ملک پیش آنے والے مختلف مہلک حملوں کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان میں براؤن یونیورسٹی میں ہونے والی کیمپس شوٹنگ اور آسٹریلیا کے بونڈی بیچ پر ہونے والا یہود مخالف دہشت گرد حملہ شامل تھا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات کرسمس استقبالیے کے دوران اپنے خطاب میں کہی اور کہا کہ وہ ان افسوسناک واقعات میں جان گنوانے والوں اور زخمی ہونے والوں کو یاد کرنا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بدقسمتی سے براؤن یونیورسٹی کے واقعے میں دو افراد اب ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں جبکہ نو افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دو افراد اس وقت جنت سے ہمیں دیکھ رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت خوفناک حملہ تھا جس میں گیارہ افراد ہلاک اور انتیس شدید زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح طور پر ایک یہود مخالف حملہ تھا اور وہ تمام متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے مشرق وسطی میں ہونے والے تشدد کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں بھی ایک حملہ ہوا جس میں تین محب وطن افراد کو برے لوگوں نے قتل کر دیا۔ ان کے مطابق یہ حملہ داعش نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت اور نئے صدر نے امریکا کے ساتھ مل کر لڑائی لڑی لیکن وہ ان متاثرہ خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔براؤن یونیورسٹی میں شوٹنگ کا واقعہ ہفتے کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک مسلح مشتبہ شخص اس عمارت میں داخل ہوا جہاں طلبا امتحان دے رہے تھے اور فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق نو افراد زخمی ہوئے جن میں سے سات کی حالت نازک تھی۔ واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی جس میں چار سو سے زائد قانون نافذ کرنے والے اہلکار شامل تھے اور یونیورسٹی کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔
دوسری جانب آسٹریلیا بونڈی بیچ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد شدید صدمے کی حالت میں ہے۔ اتوار کی شام حنوکہ کی پہلی رات منانے والے ہجوم پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس میں کم از کم سولہ افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے اس واقعے کو یہودی برادری کو نشانہ بنانے والا دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔حملے کے بعد آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیزے نے اعلان کیا کہ نیشنل کابینہ کے اجلاس میں اسلحہ قوانین کو مزید سخت کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنسوں کی تعداد محدود کرنے اور وقتا فوقتا لائسنسوں کا جائزہ لینے جیسے اقدامات ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔
نیو ساؤتھ ویلز ہیلتھ کے مطابق ستائیس افراد اب بھی سڈنی کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ تحقیقات کاروں کے مطابق حملہ باپ اور بیٹے نے کیا۔ پولیس نے موقع پر باپ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جبکہ چوبیس سالہ بیٹا اسپتال میں زیر علاج ہے۔ حکام نے بتایا کہ بیٹے کا ماضی میں ملکی انتیلی جنس ایجنسی اے ایس آئی او نے جائزہ لیا تھا اور اس وقت کسی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی تھی جبکہ باپ انیس سو اٹھانوے میں آسٹریلیا آیا تھا اور اس کے پاس تفریحی شکار کا لائسنس تھا۔دونوں ممالک میں تحقیقات کا عمل جاری ہے اور بحرالکاہل کے دونوں اطراف کے رہنماؤں نے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ اسلحہ تشدد انتہاپسندی اور عوامی تحفظ پر نئی بحثیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔