واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ مجوزہ سول جوہری تعاون کے معاہدے کو اس شرط سے مشروط کر دیا ہے کہ ریاض باضابطہ طور پر ابراہم معاہدوں میں شامل ہو۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ مجوزہ معاہدہ صرف پرامن اور غیر فوجی مقاصد کے لیے سول جوہری توانائی تک محدود ہوگا، جبکہ سعودی عرب کو مقامی سطح پر یورینیم افزودہ (Enrichment) کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے لکھا، ’’سول نیوکلیئر معاہدے کی منظوری دی جائے گی، لیکن یہ مکمل طور پر اس بات سے مشروط ہے کہ سعودی عرب کامیاب اور باوقار ابراہم معاہدوں میں شامل ہو۔ امریکہ غیر افزودہ سول جوہری تنصیبات کی مخالفت نہیں کرتا۔‘‘ ٹرمپ کا یہ بیان اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا جب امریکی اور سعودی حکام نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ معاہدے کا اعلان کیا تھا۔
اس معاہدے پر امریکی وزیرِ توانائی کرس رائٹ اور سعودی وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے دستخط کیے، جس کے بعد اسے امریکی کانگریس میں جائزے کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ ٹرمپ کی نئی شرط نے سول جوہری تعاون کو مشرقِ وسطیٰ کی ایک اہم سفارتی پیش رفت سے جوڑ دیا ہے۔ سعودی عرب مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس وقت تک باضابطہ تسلیم نہیں کرے گا جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے واضح اور قابلِ اعتماد روڈ میپ سامنے نہ آئے۔ واشنگٹن کی جانب سے ابراہم معاہدوں میں مزید عرب ممالک کو شامل کرنے کی کوششوں کے باوجود سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کے معاملے پر اپنا مؤقف تبدیل نہیں کیا۔
امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان سول جوہری معاہدے پر کئی برسوں سے مذاکرات جاری تھے، تاہم ماضی میں جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق شرائط پر اتفاق نہ ہونے کے باعث پیش رفت رک گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ مسودے میں سعودی عرب کے لیے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ایڈیشنل پروٹوکول پر دستخط کرنا لازمی قرار نہیں دیا گیا، جبکہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں اس شرط پر زور دیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ امریکی ایٹمی توانائی قانون کے مطابق ہے اور اس میں جوہری عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانے کے دنوں پر مشتمل جائزے کے مرحلے سے گزرے گا اور اگر کانگریس نے اسے مسترد نہ کیا تو یہ خود لیے سخت حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق یہ معاہدہ ملک میں توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے میں مدد دے گا اور بین الاقوامی حفاظتی معیارات کی مکمل پابندی کی جائے گی۔ "123 معاہدہ" کہلانے والے اس فریم ورک کے تحت امریکی ٹیکنالوجی سے اے پی 1000 جوہری ری ایکٹرز سعودی عرب میں تعمیر کیے جائیں گے۔
یہ معاہدہ اب امریکی کانگریس میں 90 اجلاسوں کے دنوں پر مشتمل جائزے کے مرحلے سے گزرے گا اور اگر کانگریس نے اسے مسترد نہ کیا تو یہ خودکار طور پر نافذ ہو جائے گا۔ تاہم متعدد ڈیموکریٹک ارکانِ کانگریس نے اس پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب کو جدید جوہری ٹیکنالوجی فراہم کرنے سے خطے میں جوہری پھیلاؤ اور ہتھیاروں کی دوڑ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ابراہم معاہدے 2020 میں امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے سفارتی معاہدوں کا سلسلہ ہے، جس کے تحت اسرائیل نے متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔