امید تھی کہ وزیرِاعظم مودی نوبل پرائز کی حمایت کریں گے۔ ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-09-2025
امید تھی کہ وزیرِاعظم مودی نوبل پرائز کی حمایت کریں گے۔ ٹرمپ
امید تھی کہ وزیرِاعظم مودی نوبل پرائز کی حمایت کریں گے۔ ٹرمپ

 



نئی دہلی 6 ستمبر (اے این آئی): معروف امریکی ماہرِ تعلیم ٹیریل جونز نے ٹرمپ 2.0 انتظامیہ کے تحت موجودہ ہندوستان -امریکہ تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے منفرد مذاکراتی انداز کی وضاحت کرتے ہوئے جونز نے کہا کہ صدر نے خود کو عالمی امن کا ثالث ظاہر کرنے کی کوشش کی، جس میں انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائر بندی کرانے کا دعویٰ بھی کیا، تاہم وزیرِاعظم نریندر مودی نے اسے سختی سے مسترد کر دیا۔ رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ نے اس ردعمل کو ذاتی طور پر لیا۔

اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، جب ان سے گزشتہ کئی دہائیوں میں قائم  ہندوستان-امریکہ تعلقات کی مستحکم یکسانیت میں حالیہ تبدیلی کے بارے میں پوچھا گیا، تو جونز نے کہا کہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی خصوصیت ہے۔انہوں نے کہا کہ پالیسیز تیزی سے بدلتی ہیں اور فوری طور پر ڈھالی جاتی ہیں۔ٹرمپ کی حکمتِ عملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جونز نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمتِ عملی یہ ہے کہ وہ شروع میں بڑے مطالبات رکھتے ہیں، پھر ان سے نیچے آتے ہیں، اور آخر میں اسے اپنی کامیابی قرار دیتے ہیں۔ اور شاید وہی اب کر رہے ہیں۔

پروفیسر ٹیریل جونز کے مطابق، ٹرمپ کو امید تھی کہ وزیرِاعظم مودی انہیں نوبل امن انعام کے لیے نامزد کریں گے۔ جب ایسا نہیں ہوا تو انہوں نے اسے ذاتی لیا اور تجارتی ہتھیار، جیسے کہ ٹیرف (محصولات) استعمال کیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک عالمی کھلاڑی بننا چاہتے ہیں ،نہ صرف اقتصادی بلکہ سیاسی، جغرافیائی سیاست کے اعتبار سے بھی۔ اس لیے انہوں نے فوراً مئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن معاہدے کے لیے ثالثی کا سہرا لینے کی کوشش کی۔ وزیرِاعظم مودی نے اسے سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہیں، ہمیں پاکستان کے ساتھ اپنے معاملات میں امریکہ یا کسی اور پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن ڈونلڈ ٹرمپ اس بیانیے کو آگے بڑھا رہے تھے اور امید کر رہے تھے کہ وزیرِاعظم مودی انہیں نوبلامن انعام کے لیے نامزد کریں گے۔ اور جب ایسا نہیں ہوا تو انہوں نے اسے ذاتی طور پر لیا، اور جب وہ کسی بات کو ذاتی لیتے ہیں تو وہ ان اوزاروں سے جواب دیتے ہیں جو ان کے پاس ہوتے ہیں۔ اور جیسا کہ وہ کئی بار کہہ چکے ہیں، ان کے نزدیک ’ٹیرف‘ انگریزی زبان کا سب سے خوبصورت لفظ ہے۔"

ٹرمپ بار بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ہندوستان کی جانب سے اسلام آباد کی جارحیت کے خلاف آپریشن سندور کے تحت دہشت گردی کے ڈھانچے پر درست نشانے کے بعد وہی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دشمنی کو ختم کرنے والے تھے۔

ہندوستان نے ان بیانات کی ہمیشہ تردید کی ہے اور اپنے مؤقف کو دہرایا ہے کہ جموں و کشمیر کے مرکزی خطے سے متعلق کسی بھی معاملے کو ہندوستان اور پاکستان دوطرفہ طور پر حل کریں گے۔

مزید برآں، ہندوستان -چین تعلقات میں حالیہ پیش رفت اور ان پر ٹرمپ کے ردعمل کے حوالے سے، ٹیریل جونز نے کہا کہ چینی صدر، جو اب اپنی تیسری مدت میں ہیں، چین کو بڑھتے ہوئے ایک عالمی رہنما کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔جونز نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے دیکھا کہ وزیرِاعظم مودی کو گزشتہ ہفتے تیانجن میں ایس سی او اجلاس کے دوران اتنی گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔ اس طرح کی نئی صف بندی ہمیں مزید دیکھنے کو ملے گی کیونکہ حالات کم پیش گوئی کے قابل ہوتے جا رہے ہیں۔واشنگٹن کے بدلتے رویے پر بات کرتے ہوئے جونز نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ شی جن پنگ نہیں ڈرتے۔ وہ یہ نہیں چاہتے کہ امریکہ شرائط طے کرے۔"

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان اور چین، جن کی مجموعی آبادی تقریباً تین ارب ہے، ایک اہم بلاک تشکیل دیتے ہیں جسے وہ بطور دباؤ استعمال کر سکتے ہیں۔جونز نے کہا کہ۰شی جن پنگ اور مودی اس بات سے دباؤ ڈال سکتے ہیں کہ — دیکھو، ہمارے پاس طاقت ہے۔ ہمارے پاس لیوریج ہے۔ ہمیں لازمی طور پر آپ (امریکہ) کی ضرورت نہیں۔ اور جب تک آپ ہم سے بہتر شرائط پر معاہدہ نہیں کریں گے، ہم یہاں آپس میں کچھ معاملات طے کر سکتے ہیں جو ہمارے لیے فائدہ مند ہوں گے۔ٹیریل جونز تقریباً 40 سال سے صحافت کے شعبے میں ہیں۔ انہوں نے 18 سال جاپان، چین اور فرانس میں گزارے، اور باقی وقت امریکہ میں گزارا، جس میں نیویارک میں اقوام متحدہ، ڈیٹرائٹ میں آٹو انڈسٹری، اور سلیکون ویلی میں ٹیکنالوجی کی رپورٹنگ شامل ہے۔ وہ فی الحال بین الاقوامی صحافت پڑھا رہے ہیں۔