واشنگٹن:مغربی ایشیا میں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک اہم فیصلے کے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے 10 روزہ جنگ بندی کی حمایت کی جائے یا اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف نئی بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اور آئندہ چند دن یہ طے کریں گے کہ امریکہ سفارت کاری کا راستہ اختیار کرتا ہے یا فوجی کارروائی مزید تیز کرتا ہے۔ایکسیوس کے مطابق قطر۔ مصر۔ پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے ثالثوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے۔ اس منصوبے میں عارضی جنگ بندی۔ آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت کی بحالی اور طویل مدتی معاہدے کے لیے مذاکرات کا آغاز شامل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس تجویز کا جائزہ لے رہی ہے اور فی الحال نہیں چاہتی کہ اسرائیل ایسا کوئی قدم اٹھائے جو سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچائے۔دوسری جانب امریکہ نے خطے میں مزید لڑاکا طیارے اور فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے تعینات کیے ہیں جبکہ اسرائیل بھی سفارتی کوششوں کی ناکامی کی صورت میں وسیع فوجی مہم کی تیاری کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نہ امریکہ اور نہ ہی ایران نے اب تک جنگ بندی کی تجویز قبول کی ہے۔ دونوں ممالک فوجی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مذاکرات میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ثالث ممالک نے دوبارہ بات چیت شروع کرانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ مجوزہ منصوبے کے تحت 10 روزہ جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز کے بحری راستے کھول دیے جائیں گے اور اسی عرصے میں امریکہ اور ایران طویل مدتی معاہدے پر مذاکرات کریں گے۔
ایک علاقائی ذریعے نے ایکسیوس سے کہا کہ ہم نے امریکہ اور ایران دونوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک وقفے کی تجویز دی ہے۔رپورٹ کے مطابق مجوزہ منصوبے میں مستقبل کے بحری تحفظ کے لیے مختلف تجاویز بھی شامل ہیں جن میں ایران اور عمان کو جہاز رانی سے متعلق خدمات کے عوض مناسب فیس وصول کرنے کی اجازت دینا یا بین الاقوامی بحری تنظیم کی شمولیت سے مشترکہ فنڈ قائم کرنا شامل ہے۔
ایکسیوس کے مطابق اردن میں ایرانی میزائل حملے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد جنگ بندی کی کوششوں کو دھچکا پہنچا اور امریکہ نے عارضی طور پر مذاکرات سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کو مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی۔ آبنائے ہرمز میں مبینہ دہشت گرد سرگرمیوں اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی قیمت چکانے پر مجبور کریں گے۔ ان کے مطابق تباہ کن حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک صدر انہیں روکنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی کہ ثالث ممالک کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثالثوں کے ذریعے موصول ہونے والی تجاویز ایران کو مل گئی ہیں لیکن فی الحال ان کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جائیں گی۔بقائی نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج امریکی حملوں کا بھرپور جواب دیتی رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ عارضی جنگ بندی کا راستہ اختیار کریں گے یا مزید فوجی کارروائی کریں گے۔ علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی سفارتی فیصلہ کرنے سے پہلے وائٹ ہاؤس ایران پر مزید حملے بھی کر سکتا ہے۔