ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی سے کانگریس کو باضابطہ آگاہ کر دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2026
ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی سے کانگریس کو باضابطہ آگاہ کر دیا
ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی سے کانگریس کو باضابطہ آگاہ کر دیا

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باضابطہ طور پر امریکی کانگریس کو مطلع کر دیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں گزشتہ ہفتے دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔ اس طرح کئی ماہ سے جاری جنگ بندی کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق 10 جولائی کو سینیٹ کے عبوری صدر سینیٹر چک گراسلی کے نام لکھے گئے خط میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی 7 جولائی سے دوبارہ شروع ہوئی۔

یہ اطلاع اس وقت دی گئی جب ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو ختم قرار دیتے ہوئے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر تہران کے حملوں کے جواب میں ایرانی اہداف پر متعدد فضائی حملوں کا حکم دیا۔

امریکی مؤقف کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ایرانی اجازت اور ایران کے مقرر کردہ بحری راستے کو لازمی قرار دیا تھا۔ امریکہ کے حملوں کے جواب میں ایران نے امریکی اتحادی خلیجی ممالک پر میزائلوں اور ڈرونوں سے حملے کیے۔

ٹرمپ نے اپنے خط میں لکھا کہ حالیہ فوجی کارروائی محدود۔ محتاط اور پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی تاکہ شہریوں کے جانی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ ان کے مطابق حملوں کا مقصد ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا جو امریکی افواج اور تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ سمجھی جاتی ہیں۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق یہ اطلاع 1973 کے جنگی اختیارات کے قانون کے تحت کانگریس کو دی گئی جس کے مطابق صدر کو فوجی کارروائی شروع ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر کانگریس کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو بتایا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اپریل کے اوائل میں جنگ بندی طے ہونے کے بعد فوجی کارروائیاں ختم ہو گئی تھیں۔

اپنے خط میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے نیک نیتی سے کوششیں کیں جن کے نتیجے میں گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔

تاہم ان کے مطابق ایران نے گزشتہ ہفتے تین آئل ٹینکروں پر حملہ کر کے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی جس میں آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کی شرط شامل تھی۔ اسی وجہ سے امریکہ نے دوبارہ فوجی کارروائی شروع کی۔

ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا کہ امریکی مسلح افواج ضرورت پڑنے پر امریکہ۔ اس کے اتحادیوں اور شراکت داروں کے خلاف کسی بھی خطرے یا حملے کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس وقت تک کارروائی جاری رکھیں گی جب تک ایران امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بننا بند نہیں کر دیتا۔

یہ پیش رفت اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرے گا جبکہ دیگر ممالک کے جہازوں کو اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے کی اجازت برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ناکہ بندی صرف ایران اور تہران کے ساتھ تجارت کرنے والوں پر لاگو ہوگی جبکہ باقی تمام ممالک کے جہاز معمول کے مطابق آمدورفت کر سکیں گے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں نے ایران کی بحریہ۔ فضائیہ۔ میزائل اور ڈرون سازی کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور یہ فوجی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

دریں اثنا امریکی مرکزی کمان نے بھی مسلسل تیسرے روز ایران کے خلاف حملے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ایرانی فوج پر دباؤ بڑھانا اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی اس کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔

امریکہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام سے ایران کی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والی بحری آمدورفت کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی جائے گی۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی سامان کی حفاظت کے عوض 20 فیصد فیس وصول کرنے کا بھی اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ عالمی بحری تجارت دیگر ممالک کے لیے جاری رہے گی۔

دوسری جانب ایران نے امریکی اقدامات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت امریکہ کو آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔

ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے خبردار کیا کہ اگر ایرانی مسلح افواج کی اجازت کے بغیر یا ایران کے مقرر کردہ بحری راستے سے ہٹ کر تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکروں کی نقل و حرکت کرائی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔