ایران میں بڑی کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ صدر ٹرمپ کا دعویٰ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
ایران میں بڑی کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ صدر ٹرمپ کا دعویٰ
ایران میں بڑی کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ صدر ٹرمپ کا دعویٰ

 



واشنگٹن۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ امریکہ ایران میں "بڑی کامیابی" حاصل کر رہا ہے اور جاری فوجی کارروائیوں کے نتائج بہت جلد دنیا کے سامنے آئیں گے۔قوم سے اپنے ایک خطاب کے دوران جس کا مرکزی موضوع امریکی انتخابات کی شفافیت اور بیرونی مداخلت سے تحفظ تھا صدر ٹرمپ نے مختصر طور پر بیرون ملک جاری امریکی فوجی کارروائیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے امریکی فوج کو دوبارہ اس مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں وہ دنیا کی سب سے طاقتور فوج بن چکی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ فوجی طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن موجودہ حالات نے انہیں ایسا کرنے پر مجبور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ "بدقسمتی سے اب ہمیں اس کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔"صدر ٹرمپ نے حالیہ امریکی فوجی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پہلے وینزویلا کا ذکر کیا اور پھر ایران کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ "ہم نے وینزویلا میں کامیابی حاصل کی ہے اور اب وہ ہمارے ساتھ مل کر لاکھوں بیرل تیل پیدا کر رہا ہے۔"

ایران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ "ہم اسی طرح ایران میں بھی بڑی کامیابی حاصل کر رہے ہیں اور آپ اس کوشش کے ثمرات بہت بہت جلد دیکھیں گے۔"تاہم صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے نزدیک ان "ثمرات" سے کیا مراد ہے اور نہ ہی انہوں نے فوجی کارروائیوں کے ممکنہ نتائج کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ایران پر متعدد امریکی حملوں کے باوجود تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطے برقرار ہیں اور ایران اب بھی امریکہ کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کی خواہش رکھتا ہے۔صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے لیویٹ نے کہا کہ تقریباً ایک ہفتے سے جاری امریکی فوجی کارروائیوں کے باوجود مذاکرات مکمل طور پر بند نہیں ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "ایران مسلسل امریکہ سے رابطے میں ہے اور وہ ہمارے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ اسے امریکی فوج کی کارروائیوں کے باعث شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔"ادھر جمعرات کو ایران پر امریکی حملوں کا سلسلہ مسلسل چھٹی رات بھی جاری رہا۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت ناکام ہو گئی۔

امریکی سینٹرل کمان کے مطابق حالیہ کارروائی میں ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا جنہیں امریکہ کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے خطرہ پیدا کرنے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔تازہ حملوں اور جوابی کارروائیوں نے مغربی ایشیا میں جاری تنازع کو مزید سنگین بنا دیا ہے جہاں اب جھڑپیں ایران کے اندر امریکی حملوں سے بڑھ کر خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات تک پھیلتی دکھائی دے رہی ہیں۔