خامنہ ای کی تدفین کے لیے تہران کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-07-2026
خامنہ ای کی تدفین کے لیے تہران کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی: ٹرمپ
خامنہ ای کی تدفین کے لیے تہران کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی: ٹرمپ

 



ساؤتھ ڈکوٹا
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز (مقامی وقت کے مطابق) ایک متنازع بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایران کو سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے انعقاد کے لیے "ایک ہفتے کی مہلت" دی تھی۔
امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ماؤنٹ رش مور پر خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کی اور دعویٰ کیا کہ امریکی دباؤ نے ایرانی قیادت کے حوصلے پست کر دیے ہیں اور وہ "معاہدے کے لیے بے تاب" ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عارضی طور پر کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا کیونکہ "ہم اچھے لوگ ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کو بری طرح شکست دی۔ وہ سمجھوتہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ ہم نے انہیں آخری رسومات کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی، کیونکہ ہم اچھے لوگ ہیں۔صدر ٹرمپ نے وینزویلا کا حوالہ دیتے ہوئے بھی دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے لاطینی امریکی ملک میں اپنے مخالفین پر تیزی سے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وینزویلا کو ایک ہی دن میں شکست دے دی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام مثالیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکہ نے "تاریخ کی سب سے مضبوط اور طاقتور فوج" تشکیل دی ہے۔خارجہ پالیسی کے علاوہ، ٹرمپ نے امریکی معیشت کے حوالے سے بھی بڑے دعوے کیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں امریکہ نے "سب سے بڑی اور متحرک معیشت" قائم کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ آج ہمارا ملک اپنی تاریخ کے بہترین دور سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے تک دنیا بھر سے 19.2 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری امریکہ میں آ چکی ہے۔ پچھلی حکومت نے چار سال میں ایک ٹریلین ڈالر سے بھی کم سرمایہ کاری حاصل کی، جبکہ ہم نے صرف 12 ماہ میں 19.2 ٹریلین ڈالر حاصل کیے ہیں۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ٹیرف پالیسی اور کاروبار دوست ماحول کے باعث ملک بھر میں نئی فیکٹریاں اور صنعتی یونٹ ریکارڈ تعداد میں قائم ہو رہے ہیں، اور امریکہ اس وقت "دنیا کا سب سے زیادہ پرکشش ملک" بن چکا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ 5 نومبر کی تاریخی انتخابی کامیابی اور ٹیرف پالیسی کی بدولت پورے امریکہ میں کارخانے تعمیر ہو رہے ہیں، اور ان کی تعداد پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ہم دوگنا، تین گنا اور چار گنا ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔ ہم نے دنیا کی سب سے طاقتور فوج بنائی، دو عالمی جنگیں جیتیں، سرد جنگ میں کامیابی حاصل کی اور اپنے دشمنوں کو تاریخ کے اندھیروں میں دھکیل دیا۔
انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف دو سال قبل امریکہ کو دنیا میں "تمسخر کا نشانہ" بنایا جا رہا تھا اور اسے زوال پذیر ملک سمجھا جا رہا تھا۔ٹرمپ نے کہا کہ دو سال پہلے ہمارا مذاق اڑایا جاتا تھا، لیکن آج ہم دنیا کے سب سے طاقتور اور بااثر ملک بن چکے ہیں۔ ہمیں دنیا میں وہ احترام حاصل ہے جو کسی اور ملک کو حاصل نہیں۔ اور میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ بہترین وقت ابھی آنا باقی ہے۔
ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کی تقریبات جاری ہیں۔پریس ٹی وی کے مطابق، خراجِ عقیدت کی یہ تقریب خامنہ ای کے انتقال کے بعد ایران میں منعقد ہونے والے سب سے بڑے بین الاقوامی اجتماعات میں سے ایک ہے۔ ایرانی حکام کا اندازہ ہے کہ کئی روز تک جاری رہنے والی ان تقریبات میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے دو کروڑ افراد شرکت کر سکتے ہیں۔
تقریبات ہفتے اور اتوار کو بھی جاری رہیں گی، جبکہ آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں رکھا جائے گا۔ پیر کے روز تہران میں جنازے کا جلوس نکالا جائے گا، جس کے بعد قم، بغداد، کربلا اور نجف میں مزید رسومات ادا کی جائیں گی، جبکہ 9 جولائی کو مشہد میں تدفین متوقع ہے۔
منتظمین کے مطابق، تہران کے مصلیٰ کے دروازے ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 6 بجے عوام کے لیے کھولے جائیں گے، تاہم حالات کے مطابق انہیں اس سے پہلے بھی کھولا جا سکتا ہے۔