شی انتہائی سخت مذاکرات کار۔ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2025
 شی  انتہائی سخت مذاکرات کار۔ٹرمپ
شی انتہائی سخت مذاکرات کار۔ٹرمپ

 



بوسان ۔۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ نے جمعرات کے روز جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں دو طرفہ ملاقات کی۔ یہ ملاقات 32 ویں اے پی ای سی اقتصادی رہنماؤں کی کانفرنس سے قبل ہوئی اور صدر ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔

دونوں سربراہانِ مملکت نے سرخ قالین پر امریکہ اور چین کے جھنڈوں کے درمیان مصافحہ کیا۔ ملاقات کا بنیادی محور تجارت اور اقتصادی تعلقات رہے۔ صدر ٹرمپ نے شی جن پنگ کو ایک ’’سخت مزاکراتی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گفتگو کا مرکز طویل عرصے سے جاری تجارتی تنازعات ہوں گے۔

یہ ملاقات اے پی ای سی سربراہ اجلاس سے ایک دن قبل ہوئی جو 31 اکتوبر سے یکم نومبر تک جنوبی کوریا کے شہر گیونگجو میں منعقد ہونے والا ہے۔ عالمی سطح پر نگاہیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان گزشتہ مہینوں سے چلی آ رہی کشیدگی میں کمی لائی جا سکے گی۔

دونوں ممالک کے حکام کے مطابق یہ بات چیت باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ صدر ٹرمپ کے محصولات (ٹیرِف) کے اقدامات اور چین کی جانب سے نایاب معدنیات کی برآمد پر پابندیوں نے عالمی اقتصادی غیر یقینی کو بڑھا دیا ہے، جس کے باعث دونوں فریق سمجھوتے کی راہ تلاش کر رہے ہیں۔

ملاقات سے قبل امریکی حکام نے عندیہ دیا تھا کہ صدر ٹرمپ غالباً چین پر 100 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کرنے کی اپنی سابقہ تنبیہ پر عمل نہیں کریں گے۔ دوسری جانب بیجنگ نے اشارہ دیا کہ وہ نایاب معدنیات کی برآمد پر عائد پابندیوں میں نرمی اور امریکہ سے سویابین کی درآمد دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ ہے۔

جنوبی کوریا کے سفر کے دوران ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ فینٹانل کی تیاری میں چین کے کردار سے متعلق محصولات میں کمی پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ میں اسے کم کروں گا کیونکہ میرا یقین ہے کہ چین فینٹانل کے مسئلے پر ہماری مدد کرے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’چین کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘‘

گفتگو سے قبل صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر اس ملاقات کو ’’جی ٹو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور چین دنیا کی دو سب سے طاقتور معاشی قوتیں ہیں جو جی 7 اور جی 20 جیسے دیگر گروپوں سے زیادہ اثر رکھتی ہیں۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شین ہوا کے مطابق ’’صدر شی جن پنگ 30 اکتوبر کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے جنوبی کوریا پہنچے تاکہ 32 ویں اے پی ای سی غیر رسمی اجلاس میں شرکت کریں اور صدر لی جے میونگ کی دعوت پر سرکاری دورہ کریں۔‘‘

صدر شی سے ملاقات سے چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ نے ایک غیر متوقع اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی محکمہ جنگ کو جوہری ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا، ’’امریکہ کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں۔ یہ سب میرے پہلے دورِ حکومت میں مکمل جدید کاری کے ذریعے ممکن ہوا۔ میں نے ایسا کرنا پسند نہیں کیا لیکن میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ روس دوسرے نمبر پر ہے اور چین تیسرے نمبر پر۔ لیکن پانچ برسوں میں وہ ہمیں پکڑ لے گا۔ دوسرے ممالک کے تجرباتی پروگراموں کے باعث میں نے محکمہ جنگ کو ہدایت دی ہے کہ ہمارے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کیے جائیں۔ یہ عمل فوراً شروع کیا جائے گا۔‘‘

یہ اعلان صدر ٹرمپ اور صدر شی کے درمیان بوسان میں ہونے والی اہم ملاقات سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا، جس میں تجارتی تنازعات اور خطے کے سلامتی سے متعلق امور زیرِ بحث آنے کی توقع تھی۔