ٹرمپ کی ثالثی میں غزہ امن مذاکرات کا آغاز مصر میں، حماس اور اسرائیل مذاکرات میں شریک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2025
ٹرمپ کی ثالثی میں غزہ امن مذاکرات کا آغاز مصر میں، حماس اور اسرائیل مذاکرات میں شریک
ٹرمپ کی ثالثی میں غزہ امن مذاکرات کا آغاز مصر میں، حماس اور اسرائیل مذاکرات میں شریک

 



 قاہرہ : الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پیر کو مصر میں حماس، اسرائیل اور امریکہ کے وفود کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ کے خاتمے سے متعلق 20 نکاتی امن منصوبے پر بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے۔

یہ بات چیت مصر کے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں ہوگی اور اس کا آغاز حماس کے اسرائیل پر حملوں کی دوسری برسی سے ایک دن قبل کیا جا رہا ہے—وہی حملے جنہوں نے جاری جنگ کو جنم دیا تھا۔ ان مذاکرات سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ ہزاروں ہلاکتوں کے بعد بالآخر اس طویل جنگ کے خاتمے کی کوئی راہ نکل سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ دونوں فریقین امن کے بنیادی ڈھانچے پر متفق ہو چکے ہیں اور مذاکرات کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’تیزی سے آگے بڑھیں‘‘۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر انہوں نے لکھا:’’یہ مذاکرات بہت کامیاب رہے ہیں اور تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ میں سب سے کہتا ہوں کہ وقت کی اہمیت کو سمجھیں، ورنہ بڑے پیمانے پر خون خرابہ ہوگا۔‘‘

کئی ناکام کوششوں اور مختصر جنگ بندیوں کے باوجود، ٹرمپ نے کہا کہ ’’پہلا مرحلہ اسی ہفتے مکمل ہو جانا چاہیے۔‘‘ ان کے بقول ’’حماس اور دیگر حکومتوں کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے تاکہ مغویوں کی رہائی، غزہ کی جنگ کا خاتمہ، اور بالآخر مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن بنایا جا سکے۔‘‘

الجزیرہ کے مطابق مذاکرات کا بنیادی نکتہ حماس کے قبضے میں موجود 48 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی ہے—جن میں سے تقریباً 20 کے زندہ ہونے کا امکان ہے—جن کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق حماس نے غزہ کی حکومت سے دستبرداری پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ اسرائیل نے اپنی افواج کے انخلا پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم، منصوبے میں کئی اہم پہلو تاحال غیر واضح ہیں، مثلاً حماس کے غیر مسلح ہونے کا شیڈول اور فلسطینی ریاست کے قیام کا لائحہ عمل۔

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کا اعلان اس ہفتے ممکن ہے، جبکہ مذاکرات سے قبل غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق پیر کی صبح کی بمباری میں سات افراد ہلاک ہوئے، جن میں تین وہ شہری بھی شامل تھے جو امداد کے انتظار میں کھڑے تھے۔

اردن کے دارالحکومت عمان سے الجزیرہ کی نمائندہ نور عودہ کے مطابق اگرچہ ٹرمپ نے پرامیدی ظاہر کی ہے، مگر ’’بہت سے ایسے نکات ہیں جو مذاکرات کو پٹری سے اتار سکتے ہیں۔‘‘ ان کے بقول اسرائیل کا مطالبہ ہے کہ تمام مغویوں کو 72 گھنٹوں کے اندر رہا کیا جائے، اور وہ یہ حق برقرار رکھنا چاہتا ہے کہ فوجی انخلا کے بعد بھی حماس کو نشانہ بنا سکے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق بات چیت کے ابتدائی مرحلے میں حماس کے نمائندے ثالثوں سے ملاقات کریں گے، جبکہ اسرائیلی اور امریکی وفود بعد میں ہفتے کے دوران مذاکرات میں شامل ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ فی الفور بمباری روک دے تاکہ مذاکرات جاری رہ سکیں، تاہم اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بدرسیان نے اتوار کو بیان دیا کہ ’’فوجی کارروائیاں دفاعی مقاصد کے لیے جاری رہیں گی‘‘ اور ’’فی الحال کوئی جنگ بندی نافذ نہیں ہے۔‘‘

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے چینل اے بی سی نیوز سے گفتگو میں ٹرمپ کے منصوبے کی دو مرحلوں میں وضاحت کی۔ ان کے مطابق:’’پہلے مرحلے میں حماس تمام اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے گی، اور دوسرے مرحلے میں اسرائیل غزہ سے پیچھے ہٹ کر اُس ’پیلی لکیر‘ تک چلا جائے گا جہاں اس کی فوج اگست میں تعینات تھی۔‘‘

روبیو نے مزید کہا کہ مغویوں کی رہائی کے لیے بمباری فوری طور پر روکنا ضروری ہے۔ٹرمپ کے منصوبے میں غزہ کی غیر عسکریت (Demilitarisation) شامل ہے اور حماس کے مستقبل میں کسی حکومتی کردار کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے، البتہ ایسے ارکان جو ہتھیار ڈال دیں اور تشدد ترک کر دیں، انہیں سیاسی فریم ورک میں شامل ہونے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق حماس نے مثبت ردعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ قیدیوں کی رہائی اور غزہ کے مستقبل کے لیے ’’فلسطینی قومی فریم ورک‘‘ میں شرکت پر آمادہ ہے۔

البتہ اسرائیل کی حکمران اتحاد میں اس پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے اعلان کیا ہے کہ اگر حماس کو کسی بھی صورت میں باقی رہنے کی اجازت دی گئی تو ان کی جماعت اوٹزما یہودیت حکومت سے علیحدہ ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا:

’’جنگ کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ دہشت گرد تنظیم حماس کا وجود ختم کیا جائے۔ اگر وہ برقرار رہی تو یہ قومی شکست اور عالمی شرمندگی ہوگی۔‘‘دوسری جانب اپوزیشن لیڈر یائیر لاپید نے اعلان کیا ہے کہ وہ مذاکرات کے دوران حکومت کو ’’انتہا پسند اتحادیوں‘‘ کے دباؤ سے بچانے کے لیے نتن یاہو حکومت کی حمایت کریں گے۔