ٹرمپ کا ایران کے خلاف ’’اب تک کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی‘‘ کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2026
ٹرمپ کا ایران کے خلاف ’’اب تک کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی‘‘ کا اعلان
ٹرمپ کا ایران کے خلاف ’’اب تک کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی‘‘ کا اعلان

 



واشنگٹن ڈی سی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ’’اب تک کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران کو مالی یا دیگر معاونت فراہم کرنے والے ممالک کو بھی ’’بہت سنگین معاشی نتائج‘‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو معاہدے کا موقع دینے میں ان سے زیادہ کسی نے کوشش نہیں کی لیکن ایران نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ اب ایران کے خلاف غیر معمولی پیمانے پر معاشی جنگ اور تنہائی کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ ختم ہوچکی ہے۔ اس کی فضائیہ تباہ ہوچکی ہے۔ فوجی کارخانے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ ایرانی کرنسی بے وقعت ہوچکی ہے اور ملک انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ جو بھی ملک اپنے مالیاتی اداروں۔ کاروباری اداروں۔ ہوائی اڈوں یا سرکاری اداروں کے ذریعے ایران کو کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرے گا اسے شدید معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے ایران کی معاشی سرگرمیوں کو سہارا دینے والے تیل کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک۔ مالیاتی منتقلی۔ ایکسچینج ہاؤسز۔ جہازوں کی رجسٹریشن اور فرضی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔

ٹرمپ نے ان اقدامات کو ’’معاشی ڈی ڈے‘‘ قرار دیتے ہوئے امریکی اتحادیوں سے ایران کو الگ تھلگ کرنے میں واشنگٹن کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اقدامات ایران کی عالمی سطح پر دہشت گردی پھیلانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچائیں گے۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔

ٹرمپ کا یہ اعلان اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ کے پاس ایران کے خلاف ’’انتہائی سخت پابندیاں‘‘ عائد کرنے کے کئی راستے موجود ہیں۔آبنائے ہرمز کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ راستہ اس وقت کھلا ہے اور بڑی تعداد میں کشتیاں وہاں سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے امریکی بحری ناکہ بندی کو انتہائی مؤثر قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ 100 فیصد کامیاب رہی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ کشیدگی کے باوجود تیل کی قیمتیں ان سطحوں تک نہیں پہنچیں جن کی پہلے پیش گوئی کی جا رہی تھی۔ ان کے مطابق بعض لوگ خام تیل کی قیمت 350 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کی بات کر رہے تھے لیکن اس وقت قیمت تقریباً 84 سے 85 ڈالر فی بیرل ہے۔انہوں نے امریکہ کی ریاستوں ٹیکساس۔ الاسکا اور لوزیانا میں تیل کی بڑھتی ہوئی پیداوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متبادل ذرائع اور نئی پائپ لائنوں نے آبنائے ہرمز پر انحصار کم کردیا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں آبنائے ہرمز کی اہمیت ماضی کے مقابلے میں کم ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے ایران کے ساتھ صورتحال کو ’’بہت اچھی‘‘ قرار دیتے ہوئے یہ بھی اشارہ دیا تھا کہ کسی وقت تہران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔یہ پیش رفت واشنگٹن اور تہران کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی مذاکراتی ٹیم کو ایران کے ساتھ مذاکرات اس وقت تک روکنے کو کہا گیا ہے جب تک تہران معاہدے کے لیے تیار نہ ہوجائے۔ ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ فی الحال ایران کے ساتھ کسی مذاکرات کا شیڈول طے نہیں ہے۔دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت میں کیے گئے وعدے پورے ہونے تک ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہیں کھولے گا۔ ان مطالبات میں ناکہ بندی ختم کرنا۔ منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنا اور تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی شامل ہے۔