نیتن یاہو نے پہنا روایتی ہندوستانی لباس، مودی نے تعریف کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-02-2026
نیتن یاہو نے پہنا روایتی ہندوستانی لباس، مودی نے تعریف کی
نیتن یاہو نے پہنا روایتی ہندوستانی لباس، مودی نے تعریف کی

 



تل ابیب
 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ایک خوشگوار اقدام پر پُرتپاک ردِعمل ظاہر کیا اور مشترکہ عشائیے سے قبل روایتی ہندوستانی لباس پہننے پر ان کی تعریف کی۔ یہ عشائیہ بدھ کو اسرائیلی وزیرِ اعظم کی میزبانی میں منعقد ہوا تھا۔
ایکس  پر ایک پوسٹ میں نیتن یاہو نے لکھا كہ ہمارے مشترکہ عشائیے سے قبل میں نے اپنے دوست وزیرِ اعظم مودی کو روایتی ہندوستانی لباس پہن کر حیران کیا۔
اس اقدام کے جواب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا كہ واقعی شاندار! ہندوستانی لباس سے آپ کی محبت ہمارے ملک کی بھرپور ثقافت اور روایات کے لیے آپ کے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے قبل بدھ کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی کو “میڈل آف دی کنیسٹ” سے نوازا گیا، جس کے ساتھ وہ اس اعزاز کے پہلے وصول کنندہ بن گئے۔ یہ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ جیسوال نے بتایا کہ وزیرِ اعظم مودی نے یہ میڈل دونوں ممالک کے درمیان “دیرینہ دوستی اور مشترکہ جمہوری روایات” کے نام منسوب کیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں جیسوال نے لکھا كہ شراکت داری مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے! ایک خصوصی اقدام کے تحت اسپیکر عامیر اوحانا نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو میڈل آف کنیسٹ سے نوازا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اس اعزاز کے پہلے وصول کنندہ ہیں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا كہ وزیرِ اعظم نے یہ میڈل دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور مشترکہ جمہوری روایات کے نام منسوب کیا۔ یہ اعزاز وزیرِ اعظم مودی کی “ذاتی قیادت کے ذریعے غیر معمولی خدمات” کے اعتراف میں دیا گیا، جن کے باعث ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو تقویت ملی۔ یہ میڈل اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیرِ اعظم مودی کی تقریر کے بعد عطا کیا گیا۔
تقریر کے بعد وزیرِ اعظم مودی نے کنیسٹ کے اراکین سے ملاقات کی۔ اراکینِ پارلیمنٹ نے وزیرِ اعظم کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنوائیں۔ وزیرِ اعظم مودی کو اپنی تقریر کے دوران کھڑے ہو کر داد دی گئی، اور زوردار تالیاں بجائی گئیں۔اپنی تقریر میں وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان میں اسرائیل کے عزم، حوصلے اور کامیابیوں کی بے حد قدر کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ہم جدید ریاستوں کی حیثیت سے ایک دوسرے سے جڑنے سے بہت پہلے، ہمارے درمیان دو ہزار سال سے زائد پرانے روابط موجود تھے۔ کتابِ اِستیر میں ہندوستان کا ذکر ‘ہودو’ کے نام سے ملتا ہے۔ تلمود میں قدیم زمانے میں ہندوستان کے ساتھ تجارت کا ذکر موجود ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان زیرِ گفت و شنید آزاد تجارتی معاہدہ دوطرفہ تجارت میں موجود بے پناہ مگر غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا۔
بدھ کے روز کنیسٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر بھی بات کی اور کہا کہ “غیر یقینی دنیا میں ہندوستان اور اسرائیل جیسے قابلِ اعتماد شراکت داروں کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری نہایت اہم ہے۔
وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت رہا ہے اور عالمی سطح پر سرفہرست تین معیشتوں میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جدت اور تکنیکی قیادت کا ایک مضبوط مرکز ہے، جو مستقبل پر نظر رکھنے والی شراکت داری کے لیے ایک فطری بنیاد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا كہ ہم تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے بہاؤ کو مضبوط بنانے اور مشترکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے پُرعزم ہیں۔ گزشتہ سال دستخط شدہ دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ ہمارے کاروباری طبقے کو اعتماد اور استحکام فراہم کرے گا۔