آگرہ
امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے پیر کے روز اپنی اہلیہ جینیٹ روبیو کے ساتھ تاریخی تاج محل کا دورہ کیا اور اسے دنیا کے قیمتی ترین خزانوں میں سے ایک قرار دیا۔دونوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ تاج محل میں گزارا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کے حقیقی خزانوں میں سے ایک کی زیارت کا موقع فراہم کرنے پر آپ کا شکریہ۔
اس موقع پر ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دنیا کے سات عجائبات میں شمار ہونے والا تاج محل آج بھی ہندوستان آنے والے عالمی رہنماؤں اور معزز شخصیات کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
گزشتہ سال امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنی اہلیہ اوشا وینس اور بچوں وویک، میرا بیل اور ایون کے ساتھ تاج محل کا دورہ کیا تھا۔اس سے قبل بھی متعدد عالمی رہنما تاج محل کی سیر کر چکے ہیں، جن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنے پہلے صدارتی دور کے دوران خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ اس تاریخی یادگار کا دورہ کیا تھا۔
اپنے دورے کے دوران ٹرمپ نے تاج محل کو ہندوستان کی ثقافتی عظمت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تاج محل حیرت میں ڈال دیتا ہے۔ یہ ہندوستانی ثقافت کے حسین اور متنوع حسن کی ایک لازوال گواہی ہے۔ شکریہ، ہندوستان!۔
تاج محل کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ یادگار مغل طرزِ تعمیر کا بہترین نمونہ سمجھی جاتی ہے، جس میں فارسی، ہندوستانی اور اسلامی طرزِ تعمیر کے عناصر کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔
سن 1983 میں یونیسکو نے تاج محل کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا اور اسے "ہندوستان میں مسلم فنِ تعمیر کا نگینہ اور دنیا کے عالمی ورثے کے سب سے زیادہ سراہے جانے والے شاہکاروں میں سے ایک" قرار دیا تھا۔مارکو روبیو کا آگرہ کا یہ دورہ ان کے چار روزہ دورۂ ہندوستان کا حصہ ہے، جس کے دوران وہ منگل کو ہونے والے کواڈ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے اپنے دورے کا آغاز کولکتہ میں واقع مشنریز آف چیریٹی سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور پھر وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ روبیو نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔
ادھر، ہند-بحرالکاہل خطے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہندوستان نئی دہلی میں کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔ اجلاس میں ہند-بحرالکاہل خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔