بھارت کو مغربی ایشیا کے بحران سے نمٹنے کے لیے سبسڈی کی نہیں، اصلاحات کی ضرورت ہے: رپورٹ
نئی دہلی
تھنک چینج فورم کے ایک وائٹ پیپر کے مطابق، عالمی بحرانوں کے دوران بار بار سبسڈی پر مبنی اقدامات کرنے کے بجائے ہندوستان کو ساختی پالیسی اصلاحات کے ذریعے طویل مدتی معاشی استحکام اور لچک پیدا کرنی چاہیے۔ یہ وائٹ پیپر مغربی ایشیا میں جاری بحران کے تناظر میں تیار کیا گیا ہے۔
"مغربی ایشیا بحران کے دوران معاشی تحفظ کا دائرہ: برآمدی مسابقت، درآمدی نظم و ضبط اور تجارتی تحفظ کے لیے تین نکاتی ایجنڈا" کے عنوان سے شائع اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی ہندوستانی معیشت کی ساختی کمزوریوں کو نمایاں کر رہی ہے، خصوصاً درآمد شدہ توانائی، صنعتی خام مال اور عالمی سپلائی چینز پر انحصار کے حوالے سے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "عالمی معاشی منظرنامہ ایک سخت امتحان سے گزر رہا ہے" اور مغربی ایشیا میں عدم استحکام توانائی، زراعت اور مینوفیکچرنگ جیسے اہم شعبوں میں لاگت پر مبنی مہنگائی کو فروغ دے رہا ہے۔
وائٹ پیپر کے مطابق عالمی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے سبسڈی اور مالیاتی مداخلتوں پر انحصار کرنے کا روایتی طریقہ اب پائیدار نہیں رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ روایتی مالیاتی ردعمل، یعنی ان جھٹکوں سے بچنے کے لیے لامحدود سبسڈی پر انحصار، اب مؤثر ثابت نہیں ہو رہا۔اس کے بجائے رپورٹ میں ایسی ساختی اصلاحات کی سفارش کی گئی ہے جو گھریلو مینوفیکچرنگ کی مسابقت کو بہتر بنائیں اور بیرونی رکاوٹوں سے پیدا ہونے والی معاشی کمزوریوں کو کم کریں۔وائٹ پیپر کی ایک اہم سفارش "الٹی ڈیوٹی ساخت" کی اصلاح ہے، جس میں اکثر خام مال پر درآمدی ڈیوٹی تیار شدہ مصنوعات پر عائد ڈیوٹی سے زیادہ ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق:یہ صرف نظریاتی مسئلہ نہیں بلکہ ہندوستان کے مینوفیکچرنگ شعبے میں وسیع پیمانے پر موجود ایک عملی رکاوٹ ہے۔اس نظام کے باعث الیکٹرانکس، کیمیکلز، ٹیکسٹائل اور زرعی پروسیسنگ جیسے شعبوں میں مقامی پیداوار کے بجائے درآمدات نسبتاً سستی ہو جاتی ہیں، جس سے مقامی ویلیو ایڈیشن کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔رپورٹ نے سفارش کی ہے کہ الٹی ڈیوٹی کے نظام کو 12 ماہ کے اندر درست کیا جائے اور ضروری صنعتی درمیانی مصنوعات پر عائد درآمدی ڈیوٹی کو عالمی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں خودکار طور پر کم کر دیا جائے۔
اس سلسلے میں "ڈائنامک ٹیرف کیلیبریشن" کا تصور پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت مخصوص ضروری درآمدی اشیا پر ڈیوٹی کو پہلے سے مقرر کردہ قیمت کی حد کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔رپورٹ کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے ہندوستانی صنعتیں عالمی منڈی میں خام مال کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مسابقتی رہ سکیں گی اور انہیں بھاری سبسڈی پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔وائٹ پیپر کی ایک اور اہم سفارش یہ ہے کہ قدرتی گیس کو اشیا و خدمات ٹیکس کے دائرے میں شامل کیا جائے تاکہ صنعتوں پر پڑنے والے پوشیدہ ٹیکسوں کا بوجھ کم ہو سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات اور قدرتی گیس کو GST سے باہر رکھنا ہندوستان کے بالواسطہ ٹیکس نظام کی سب سے بڑی ساختی خامی ہے۔رپورٹ کے مطابق موجودہ ٹیکس ڈھانچہ کھاد، کیمیکل، فوڈ پروسیسنگ اور تعمیرات جیسے شعبوں کی آپریٹنگ لاگت میں پوشیدہ اضافہ کرتا ہے، جس کا منفی اثر مجموعی صنعتی مسابقت پر پڑتا ہے۔
قدرتی گیس کو جی ایس ٹی کے تحت لانے سے ٹیکس پر ٹیکس کا مسئلہ کم ہوگا اور مینوفیکچرنگ شعبوں میں لاگت کی کارکردگی بہتر ہو گی۔وائٹ پیپر نے "منتخب معاشی حکمت عملی" اپنانے کی بھی وکالت کی ہے، جس کے تحت ہندوستان اہم ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک درآمدات کے لیے عالمی تجارت کے لیے کھلا رہے گا، لیکن بیرونی خطرات کے مقابلے میں اپنی کمزوریوں کو کم کرے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جہاں عالمی انضمام سے ضروری ٹیکنالوجی، توانائی اور خام مال حاصل ہوتا ہے وہاں کھلے پن کو برقرار رکھا جائے، جبکہ غیر ملکی ڈمپنگ سے مقامی صنعتوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں فوری تجارتی حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔رپورٹ کے مطابق موجودہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کو ہندوستان کے لیے ایک موقع کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے گھریلو صنعتی نظام کو مزید مضبوط بنا سکے اور غیر مستحکم عالمی سپلائی چینز پر طویل مدتی انحصار کم کر سکے۔
وائٹ پیپر کے اختتام پر کہا گیا:"ہندوستان عالمی سپلائی چینز میں محض قیمت قبول کرنے والے ملک سے آگے بڑھ کر اب لچک اور استحکام پیدا کرنے والے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔