نئی دہلی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ٹفنی ٹرمپ اور ان کے داماد مائیکل بولوس کے نجی دورۂ ہندوستان کے دوران نئی دہلی کا اکشردھام مندر خاص توجہ کا مرکز بنا۔ اس ثقافتی دورے کے بارے میں نہ صرف جوڑے نے بلکہ مندر انتظامیہ نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹیں شیئر کیں۔
ٹفنی ٹرمپ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں اکشردھام مندر کے تجربے کو "ناقابلِ یقین" قرار دیتے ہوئے اس تاریخی اور ثقافتی مقام کی تعریف کی۔ ان کے مطابق یہ دورہ ان کے لیے ایک یادگار ثقافتی تجربہ ثابت ہوا۔
ان کے شوہر مائیکل بولوس بھی اس سفر میں ان کے ہمراہ تھے، جبکہ ان کے چند دوست بھی اس دورے کا حصہ تھے۔نئی دہلی کے سوامی نارائن اکشردھام مندر نے بھی ایکس پر جاری بیان میں اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: "ثقافت اور ورثے کی دریافت کا ایک خوبصورت دن۔" مندر انتظامیہ نے مزید کہا کہ انہیں ٹفنی ٹرمپ، مائیکل بولوس اور ان کے دوستوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔
ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے بھی ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے اس جوڑے کا خیرمقدم کرتے ہوئے لکھا: "ہندوستان میں خوش آمدید!۔
ٹفنی ٹرمپ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی سابقہ اہلیہ مارلا میپلز کی چوتھی اولاد ہیں۔ پیپل ڈاٹ کام کے مطابق ان کے چار سوتیلے بہن بھائی ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، ایوانکا ٹرمپ، ایرک ٹرمپ اور بیرن ٹرمپ۔ٹفنی ٹرمپ نے 2020 میں جارج ٹاؤن یونیورسٹی لا سینٹر سے قانون کی ڈگری (جیورس ڈاکٹر) حاصل کی تھی۔امریکی نژاد لبنانی کاروباری شخصیت مائیکل بولوس، ٹفنی ٹرمپ کے شوہر ہیں۔ دونوں نے 12 نومبر 2022 کو شادی کی تھی۔
دوسری جانب، جمعہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سالانہ طبی جانچ سے متعلق ایک یادداشت جاری کی گئی، جسے ان کے معالج کیپٹن شان پی باربیلا نے مرتب کیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اپنی جامع طبی جانچ کے بعد "بہترین صحت" میں ہیں۔
یادداشت کے مطابق صدر ٹرمپ کا سالانہ طبی معائنہ 26 مئی کو والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں کیا گیا۔ اس دوران گزشتہ ایک سال کے تشخیصی ٹیسٹوں اور لیبارٹری رپورٹس کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ 22 ماہر ڈاکٹروں نے بھی مشاورت میں حصہ لیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ تمام طبی جانچ امریکی پریوینٹو سروسز ٹاسک فورس کی سفارشات کے مطابق کی گئی اور یہ ایک جامع احتیاطی صحت جائزے کا حصہ تھی۔طبی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی قلبی، پھیپھڑوں، اعصابی اور مجموعی جسمانی صحت بہترین ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کی ذہنی اور جسمانی کارکردگی انتہائی عمدہ ہے اور وہ بطور کمانڈر اِن چیف اور سربراہِ مملکت اپنی تمام ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر موزوں ہیں۔