اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر تبتی شخص نے خود کو آگ لگا لی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2026
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر تبتی شخص نے خود کو آگ لگا لی
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر تبتی شخص نے خود کو آگ لگا لی

 



نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر ایک 42 سالہ تبتی شخص نے مبینہ طور پر احتجاجاً خود کو آگ لگا لی، جس کے بعد وہ شدید جھلسنے سے جانبر نہ ہو سکا۔

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق متوفی کی شناخت لوبگا رنگزن کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے ایک دوست نے بتایا کہ وہ گزشتہ تقریباً بیس برس سے امریکہ میں مقیم تھے۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام تقریباً سات بجے مین ہیٹن میں ایسٹ 43 ویں اسٹریٹ اور فرسٹ ایونیو کے قریب پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق لوبگا رنگزن تبتی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے اچانک خود کو آگ لگا لی جس کے بعد وہ شعلوں کی لپیٹ میں آگئے۔ جائے وقوع سے گزرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے توجہ دلانے کے لیے مسلسل ہارن بجائے جبکہ چند لمحوں بعد وہ زمین پر گر پڑے۔ تقریباً پندرہ سیکنڈ بعد موقع پر موجود دو امدادی اہلکاروں نے آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے شعلوں پر قابو پایا۔

پولیس حکام کے مطابق انہیں فوری طور پر بیلیوو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

واقعے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد بھی تبتی پرچم جائے وقوع پر موجود تھا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ تفتیش کے دوران پولیس اہلکاروں کو کچھ دستاویزات بھی ملیں جن میں ایک کاغذ پر "چین تبت سے نکل جاؤ" کا نعرہ درج تھا۔ یہ نعرہ تبتی آزادی کی تحریک اور فری تبت مہم سے منسلک سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2009 سے اب تک تبت میں 150 سے زائد افراد مبینہ طور پر چینی حکمرانی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خودسوزی کر چکے ہیں۔

تبتی تحریک کا بنیادی مطالبہ تبت کے لیے خودمختاری کی بحالی اور تبتی بدھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کی واپسی ہے۔

فری تبت تنظیم کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق خودسوزی کرنے والے متعدد مظاہرین نے آگ میں گھِرنے کے دوران دلائی لامہ کی درازیٔ عمر۔ ان کی تبت واپسی۔ پنچن لامہ کی رہائی۔ اور تبت میں انسانی حقوق اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے تھے۔

تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کی مدد کرنے۔ ان کی حوصلہ افزائی کرنے یا ان سے متعلق معلومات بیرون ملک پہنچانے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تبتی سیاسی تحریک تبت کے چین میں انضمام کو تسلیم نہیں کرتی۔ یہ انضمام مئی 1951 میں سترہ نکاتی معاہدے پر دستخط کے بعد عمل میں آیا تھا۔ اس معاہدے کا مقصد عوامی آزادی کی فوج کی تبت میں تعیناتی کے دوران اقتدار کی پرامن منتقلی بتایا گیا تھا۔

1990 کی دہائی میں تبتی آزادی کی تحریک کو عالمی سطح پر اس وقت خاص توجہ حاصل ہوئی جب امریکہ میں تبتی فریڈم کنسرٹس کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگراموں میں یو ٹو۔ ریڈ ہاٹ چلی پیپرز اور ریج اگینسٹ دی مشین جیسے عالمی شہرت یافتہ موسیقی گروپوں نے شرکت کی۔

تاریخی ریکارڈ کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کے اقتدار سنبھالنے سے قبل جمہوریہ چین کے دور میں تبت عملاً خودمختار حیثیت رکھتا تھا اور اس کا اپنا الگ انتظامی نظام موجود تھا۔