سان ڈیاگو : امریکی شہر سان ڈیاگو کی سب سے بڑی مسجد میں پیش آئے فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق مقامی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بعد میں دو کم عمر مشتبہ افراد مسجد کے قریب ایک گاڑی میں مردہ پائے گئے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی سان ڈیاگو کے اسپیشل ایجنٹ انچارج مارک ریملی نے بتایا کہ دونوں مشتبہ افراد کی عمریں 17 اور 19 سال تھیں۔ سان ڈیاگو پولیس چیف اسکاٹ واہل نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں نوجوانوں نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے بتایا کہ مشتبہ افراد میں سے ایک اپنے والدین کے گھر سے اسلحہ لے کر نکلا تھا۔ جائے وقوعہ سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جس میں نسلی برتری سے متعلق تحریریں موجود تھیں۔ حکام کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والے ایک ہتھیار پر نفرت انگیز جملے بھی لکھے گئے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تفصیلات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔