تل ابیب :اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اقدام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اردن کے مغرب میں کوئی فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی۔"وزیراعظم کے دفتر(PMO) سے جاری ایک سخت بیان میں نیتن یاہو نے اس اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ وہ امریکہ کے دورے کے بعد ان ممالک کو جواب دیں گے۔انہوں نے کہا:"فلسطینی ریاست نہیں ہوگی۔ ہمارے دل کے عین وسط میں ایک دہشت گرد ریاست مسلط کرنے کی تازہ ترین کوشش کا جواب میں امریکہ سے واپسی کے بعد دوں گا۔"
نیتن یاہو نے الزام لگایا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے سے یہ ممالک "دہشت گردی کو ایک بڑا انعام" دے رہے ہیں، اور انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ایسا ہونے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا:"ان رہنماؤں کے لیے میرا واضح پیغام ہے جو 7 اکتوبر کے ہولناک قتل عام کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں: آپ دہشت گردی کو ایک بہت بڑا انعام دے رہے ہیں۔ اور میرا آپ کے لیے دوسرا پیغام یہ ہے: یہ نہیں ہوگا۔ اردن کے مغرب میں کوئی فلسطینی ریاست نہیں ہوگی۔ برسوں سے میں نے زبردست اندرونی اور بیرونی دباؤ کے باوجود اس دہشت گرد ریاست کے قیام کو روکا ہے۔"
نیتن یاہو نے مزید کہا:"ہم نے یہ کام عزم اور بصیرت کے ساتھ سفارتکاری کے ذریعے کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ہم نے یہودیہ اور سامریہ میں یہودی بستیوں کو دگنا کیا ہے اور ہم اس راستے پر چلتے رہیں گے۔"
ادھر آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ نے ایک مشترکہ اور مربوط فیصلے کے تحت اتوار کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعلان کیا۔
تاہم ان ممالک نے کہا کہ حماس کو فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ آسٹریلوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا:
"آسٹریلیا باضابطہ طور پر آزاد اور خودمختار ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرتا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے آسٹریلیا فلسطینی عوام کی اپنی ریاست کے قیام کی جائز اور دیرینہ خواہشات کو تسلیم کرتا ہے۔"
اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے ان ممالک کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے گا اور دراصل ان مقاصد کے خلاف ہے جنہیں حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا:"اسرائیل برطانیہ اور دیگر ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو یکطرفہ طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے۔ یہ اعلان امن کو آگے نہیں بڑھاتا، بلکہ اس کے برعکس — خطے کو مزید غیر مستحکم کرتا ہے اور مستقبل میں پُرامن حل کے امکانات کو کمزور کرتا ہے۔"