ملک کے اندر اور باہر مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2022
ملک کے اندر اور باہر مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان
ملک کے اندر اور باہر مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان

 

 

سیالکوٹ:سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ان کے خلاف بند کمروں میں باہر اور ملک کے اندر سازش ہو رہی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ عمران کی جان لے لی جائے۔‘

سنیچر کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے اور اسے محفوظ جگہ رکھ دیا ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ساری قوم کے سامنے آ جائے گی۔ جو جو اس سازش میں ملوث ہیں ان میں سے ایک ایک کا نام لیا ہے ویڈیو میں۔‘ ’سازش یہ ہے کہ انہوں نے سمجھا ہے عمران خان ہمارے راستے میں رکاوٹ ہے۔ مجھے مارنے کی سازش ہے اس لیے ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے-

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں اسے سیاست نہیں جہاد سمجھتا ہوں۔ اگر مجھے کچھ ہو گا تو میں چاہتا ہوں کہ آپ کو پتا چلے کہ کون کون اس سازش میں شامل تھا۔‘ عمران خان نے ایک بار پھر اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کے کامیاب ہونے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک ایک کا نام میرے دل پر لکھا ہے۔

اس ملک کے کرپٹ ٹولے کے ساتھ مل کر حکومت گرائی گئی ہے۔ میں نے اس لیے یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کیونکہ طاقتور کا کبھی احتساب نہیں ہوتا۔ اس لیے ریکارڈ کروائی ہے کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ سب کے سامنے ان کی شکلیں آئیں تاکہ پتا چلے کہ کون کون غداری کر رہا تھا۔

‘ انہوں نے اپنے مخالف سیاسی رہنماؤں کے حوالے سے کہا کہ میں نے تین سال میں پوری کوشش کی جو ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزائیں ہوں، لیکن جنہوں نے انصاف کرنا تھا ’وہ طاقتور کی کرپشن کو برا نہیں سمجھتے۔‘ عمران خان نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ان (حکومت) کے خلاف اسلام آباد کے لیے نہیں نکلیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔

اگر ہم نے ان کے خلاف جہاد نہ کیا تو آپ اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے ملک کی عدلیہ کو ایک بار پھر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ’عدلیہ سے بڑی عاجزی سے سوال پوچھ رہا ہوں کہ بڑا اچھا کیا آپ نے اتوار کو سوموٹو ایکشن لیا، رات کو عدالتیں کھول دیں لیکن میں نے ایسا کیا کِیا تھا کہ رات کو عدالتیں کھولنی پڑیں؟‘