اقوام متحدہ نے افغان طالبان کے بچوں کی شادی کی اجازت دینے والے قانون پر تشویش کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-05-2026
اقوام متحدہ نے افغان طالبان کے بچوں کی شادی کی اجازت دینے والے قانون پر تشویش کا اظہار کیا
اقوام متحدہ نے افغان طالبان کے بچوں کی شادی کی اجازت دینے والے قانون پر تشویش کا اظہار کیا

 



نئی دہلی
اقوامِ متحدہ نے جمعرات کے روز افغانستان کی طالبان حکومت کی جانب سے شادی اور علیحدگی سے متعلق جاری کیے گئے ایک نئے قانون پر ’’شدید تشویش‘‘ کا اظہار کیا ہے، جس میں کم عمری کی شادی سے متعلق بعض شقیں بھی شامل ہیں۔اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ یہ قانون خواتین اور لڑکیوں کے خلاف امتیازی سلوک کو مزید بڑھاتا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کی طالبان حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکم اسلامی قوانین کے مطابق ہے اور ملک میں لڑکیوں کی جبری شادی پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
افغانستان کی وزارتِ انصاف نے گزشتہ ہفتے ’’میاں بیوی کی قانونی علیحدگی‘‘ سے متعلق فرمان نمبر 18 جاری کیا، جس میں شادی شدہ جوڑوں کی علیحدگی کے قواعد و ضوابط طے کیے گئے ہیں۔
افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے ایک بیان میں کہا کہ اس قانون کی سب سے متنازع شقوں میں سے ایک یہ ہے کہ بلوغت کی عمر کو پہنچنے والی کسی لڑکی کی خاموشی کو شادی کے لیے رضامندی تصور کیا جا سکتا ہے۔بیان کے مطابق، اس قانون میں نابالغ اور شادی شدہ لڑکیوں کی علیحدگی سے متعلق ایک شق بھی شامل ہے جو ’’کم عمری کی شادی کی اجازت دیے جانے کا اشارہ دیتی ہے۔
یوناما نے کہا کہ یہ آزاد اور مکمل رضامندی کے اصول کو کمزور کرتا ہے اور بچے کے بہترین مفاد کے تحفظ میں ناکام رہتا ہے۔قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی نابالغ لڑکی یا لڑکے کی شادی اس کے والد یا دادا نے بغیر مہر، ناکافی مہر یا شدید مالی بدعنوانی کے ساتھ کر دی ہو تو ایسی شادی کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی کم عمر لڑکی کی شادی اس کے والد یا دادا نے ایسے شخص سے کر دی ہو جو اس کے ساتھ اچھا سلوک نہ کرتا ہو یا اپنے برے کردار اور غلط فیصلوں کی وجہ سے بدنام ہو، تو اس لڑکی کو بلوغت کی عمر تک پہنچنے کے بعد عدالت سے رجوع کرکے نکاح کو منسوخ کروانے کا حق حاصل ہوگا۔
نئے قانون کے مطابق اگر کوئی لڑکی اپنے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کرے اور شوہر اس سے انکار کر دے تو ایسی صورت میں، اگر لڑکی کے پاس کوئی گواہ موجود نہ ہو تو شوہر کا بیان قابلِ قبول سمجھا جائے گا۔
تاہم قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر خاتون براہِ راست جج کے سامنے درخواست دائر کرے تو اسے گواہوں کی ضرورت نہیں ہوگی۔