یو اے ای نے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2021
یو اے ای نے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کیں
یو اے ای نے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کیں

 

 

دبئی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے 

یو اے ای کی سرکاری ایئر لائن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ 14 دنوں کے دوران تینوں ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کو کسی بھی مقام سے متحدہ عرب امارات کے لیے ائیر لائن کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری، گولڈن ویزا کے حامل اور سفارتی مشن کے اراکین جو کووڈ 19 کے پروٹوکول کی تعمیل کرچکے ہیں انہیں پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

امارات نے کہا کہ جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروائے ہیں وہ انہیں مستقبل کی پرواز یا دوبارہ تاریخ کے لیے ری بک کراسکتے ہیں۔ امارات ایئر لائنز ان میں سے ایک ہے جنہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے ’اچانک پروازوں کی منسوخی‘ کے سبب مسافروں کو پیش آنے والی تکلیف پر انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 5 بین الاقوامی ایئر لائنز کے ساتھ مذکورہ معاملہ اٹھاتے ہوئے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ مسافروں کو کسی بھی دوسری ایئرلائن میں جگہ فراہم کریں ورنہ انہیں ہوٹل میں رہائش اور ہرجانے کی ادائیگی کی جائے۔ قطر ایئر ویز، ترک ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی کے نام سی اے اے نے اپنے مراسلے میں اچانک پرواز منسوخی پر پاکستانی مسافروں کو ہونے والی پریشانی کا مسئلہ اٹھایا۔ (ایجنسی ان پٹ )