ابوظہبی
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پیر کے روز اسرائیلی پولیس کی سکیورٹی میں اسرائیلی آبادکاروں کے مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہونے اور وہاں اسرائیلی پرچم لہرانے کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔ یو اے ای نے ان کارروائیوں کو ’’اشتعال انگیز اور انتہاپسندی کا ناقابلِ قبول عمل‘‘ قرار دیا ہے۔
ایک سرکاری بیان میں متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ وہ اسرائیلی پولیس کے تحفظ میں آبادکاروں کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ کے صحن میں زبردستی داخل ہونے، جس میں احاطے میں اسرائیلی پرچم لہرانا بھی شامل ہے، کی شدید مذمت اور مخالفت کرتی ہے اور ان اقدامات کو اشتعال انگیز اور انتہاپسندی کا ناقابلِ قبول مظاہرہ سمجھتی ہے۔
وزارت نے مسجدِ اقصیٰ میں ’’تاریخی اور قانونی حیثیتِ موجودہ‘‘ (اسٹیٹس کو) کے احترام اور تمام مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔بیان میں مسجدِ اقصیٰ کے انتظام و انصرام اور اس کے امور کی نگرانی میں اردن کے سرپرستانہ کردار کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔وزارتِ خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مقدس مقامات کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے اردن کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ’’کشیدگی بڑھانے والے اقدامات‘‘ کو فوری طور پر روکیں اور خطے میں مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔وزارت نے ایک بار پھر ان تمام اقدامات کو واضح طور پر مسترد کیا جو بین الاقوامی قانونی اصولوں اور طے شدہ معاہدوں سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور مزید کشیدگی کا سبب بن سکتے ہیں۔
بیان میں بین الاقوامی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر کوششوں میں تیزی لائے تاکہ ’’دو ریاستی حل‘‘ کی بنیاد پر ایک جامع اور پائیدار امن قائم ہو سکے، جو بین الاقوامی قانون کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی فلسطینی عوام کی خواہشات کو پورا کرے۔
انادولو نیوز ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی آبادکار اتوار کے روز اسرائیلی پولیس کی سکیورٹی میں مقبوضہ مشرقی یروشلم میں واقع مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوئے، جبکہ فلسطینی حلقوں نے ’’یہودیانے‘‘ کے منصوبوں کے بارے میں خبردار کیا تھا۔یروشلم گورنریٹ کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عمر رجوب کے حوالے سے انادولو نے رپورٹ کیا کہ ’’مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی پرچم لہرانا اور اشتعال انگیز مذہبی رسومات ادا کرنا ایک منظم اور دانستہ اسرائیلی سرکاری پالیسی کا حصہ ہے، جس کی قیادت انتہا پسند حکومتی عناصر کر رہے ہیں۔
عمر رجوب نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد مقبوضہ مشرقی یروشلم میں زبردستی نئی حقیقت مسلط کرنا اور مسجدِ اقصیٰ کی تاریخی و قانونی حیثیت کو کمزور کرنا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ مسجدِ اقصیٰ کے اندر قابض قوتوں کی سرگرمیاں ایک مسلسل جاری نوآبادیاتی منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد مسجد کو زمانی اور مکانی بنیادوں پر تقسیم کرنا، یروشلم کی مذہبی اور تاریخی شناخت کو یہودی رنگ دینا، اور اس کے قانونی، ثقافتی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنا ہے۔