ایران نے متحدہ عرب امارات پر حملوں کے الزام پر جرمنی پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-05-2026
ایران نے متحدہ عرب امارات پر حملوں کے الزام پر جرمنی پر تنقید کی
ایران نے متحدہ عرب امارات پر حملوں کے الزام پر جرمنی پر تنقید کی

 



تہران
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے منگل کے روز جرمن چانسلر فریڈرک مرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مغربی ممالک پر ایران سے متعلق بین الاقوامی قانون اور علاقائی سلامتی کے معاملات میں ’’دوہرے معیار‘‘ اپنانے کا الزام عائد کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ منافقت بالکل واضح ہے۔ امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایران کی محفوظ جوہری تنصیبات پر کھلے حملے نہ صرف مذمت سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ ان کے لیے جواز اور بہانے بھی تراشے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کسی مبینہ فرضی کارروائی کا واقعہ پیش آتا ہے، جس کی ذمہ داری خود متحدہ عرب امارات نے بھی باضابطہ طور پر ایران پر عائد نہیں کی، تو یہی آوازیں اچانک ’بین الاقوامی قانون‘ اور ’علاقائی سلامتی‘ کی بڑی بڑی باتیں کرنے لگتی ہیں۔
بقائی نے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملوں سے متعلق خدشات کا اطلاق تمام ممالک پر یکساں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر جوہری تنصیبات پر حملے خطے کے عوام کے لیے خطرہ ہیں، تو یہ اصول تمام ریاستوں پر یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے، نہ کہ صرف اُس وقت جب یہ مغرب کے سیاسی مفادات کے مطابق ہو۔
ایرانی ترجمان نے جرمن ادیب ہائنرش فان کلائسٹ کے مشہور ڈرامے ’’دی بروکن جگ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے جرمنی پر اخلاقی دوہرے معیار اپنانے کا الزام بھی لگایا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی انصاف ’دی بروکن جگ‘ کے کردار جج ایڈم کی یاد دلاتا ہے، ایک ایسا شخص جس کی اپنی ناقابلِ معافی بدعنوانیاں خود انصاف کی متقاضی ہوں، لیکن وہی شخص خود پسندی کے ساتھ منصف کی کرسی پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ایس این اے نے بھی ترجمان کے بیان کی تشریح کرتے ہوئے ’’انتخابی انصاف‘‘ کو ’’دی بروکن جگ‘‘ کے کردار ’’جج ایڈم‘‘ سے تشبیہ دی اور جرمن چانسلر کو ’’وہی جج قرار دیا جس کے اپنے جرائم کا فیصلہ ہونا چاہیے، لیکن وہ خود کو انصاف کا محافظ ظاہر کرتا ہے۔
اس سے قبل پیر کے روز جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری مرکز کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت مذمت کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ جوہری تنصیبات پر حملے مغربی ایشیا کے عوام کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ایکس پر اپنے بیان میں مرز نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ ایسے کسی بھی مزید تصادم کو روکا جانا چاہیے جو شہری جانوں اور اہم تنصیبات کو خطرے میں ڈال سکتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات اور دیگر شراکت داروں پر ایران کے نئے فضائی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ جوہری تنصیبات پر حملے پورے خطے کے عوام کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ تشدد میں مزید اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔
متحدہ عرب امارات نے اتوار کے روز تصدیق کی تھی کہ الظفرہ علاقے میں واقع براکہ جوہری بجلی گھر کے اندرونی حصے سے باہر نصب ایک بجلی پیدا کرنے والے جنریٹر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔امارات نے اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ’’دہشت گردانہ حملہ‘‘ قرار دیا تھا، تاہم واضح کیا تھا کہ جوہری بجلی گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ یہ حملے ایک خطرناک اشتعال انگیزی، ناقابلِ قبول جارحیت اور ملکی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔وزارت نے زور دیا کہ پُرامن جوہری توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے منشور اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، کیونکہ اس قسم کی کارروائیاں شہریوں، ماحولیات اور علاقائی و عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اصولوں اور متعلقہ قراردادوں سمیت عالمی معیارات اس بات پر زور دیتے ہیں کہ پُرامن جوہری تنصیبات کو ہر قسم کی دشمنانہ کارروائی اور فوجی خطرات سے محفوظ رکھا جانا چاہیے۔