سڈنی
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک “منفرد شخصیت” قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے حالیہ دورۂ ہندوستان کے دوران نریندر مودی سے ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہی۔
بدھ کے روز سڈنی میں لوئی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے منعقدہ ایک سیمینار میں اپنے خطاب کے دوران کارنی نے ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں اور ان کی لگن اور مسلسل محنت کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا كہ یہ شخص واقعی منفرد ہے۔ وہ پچھلے 25 برسوں سے ایک دن کی بھی چھٹی نہیں لے سکے، چاہے وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ رہے ہوں یا پھر وزیر اعظم۔ ہر ہفتے کے آخر میں وہ انتخابی مہم میں مصروف رہتے ہیں اور ان کی ریلیوں میں ڈھائی لاکھ تک لوگ جمع ہو جاتے ہیں۔
کینیڈا کے وزیر اعظم نے نریندر مودی کی کام کے تئیں وابستگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ خاص طور پر دیہی آبادی کو سہولتیں فراہم کرنے پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے ادائیگی کے نظام میں ہونے والی بڑی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے یو پی آئی کو موجودہ حکومت کی ایک اہم کامیابی قرار دیا۔
کارنی نے کہا كہ انہوں نے مجھے ایک ایسا طریقہ بتایا جسے کوئی بھی اپنانا چاہے گا۔ وہ ایک ایسے رہنما ہیں جو نتائج دینے پر پوری طرح مرکوز ہیں، خاص طور پر دیہی گھروں تک سہولتیں پہنچانے پر۔ مالیاتی اصلاحات اور ادائیگی کے نظام میں تبدیلی، جیسے یو پی آئی وغیرہ کا مقصد یہی تھا کہ پیسہ براہ راست لوگوں تک پہنچے، نظام میں کسی قسم کی لیکیج نہ ہو اور یہ عمل حقیقی وقت میں ہو۔ اس کے ساتھ ہی کروڑوں لوگوں کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنانا بھی ان کا ایک بڑا مقصد ہے اور وہ اس پہلو پر بہت توجہ دیتے ہیں۔
مارک کارنی کا حالیہ دورۂ ہندوستان دراصل دونوں ممالک کے تعلقات کو دوبارہ بہتر بنانے کی کوشش تھا، کیونکہ گزشتہ برسوں میں ان تعلقات میں کچھ کشیدگی دیکھی گئی تھی۔ اس دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم مارک کارنی کی موجودگی میں ٹیکنالوجی سے لے کر ثقافتی تعاون تک کئی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یو) کا تبادلہ بھی ہوا۔
کارنی نے موجودہ صورتحال کو “شراکت داری کے ایک نئے دور” سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا ہندوستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کینیڈا کی کمپنی کیمیکو نے ہندوستان کو یورینیم فراہم کرنے کے لیے ایک طویل مدتی معاہدہ کیا ہے۔
عوامی سطح پر گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کارنی نے کہا کہ “تقریباً بیس لاکھ کینیڈین ایسے ہیں جن کی جڑیں ہندوستان سے جڑی ہوئی ہیں”، جبکہ ہزاروں افراد دونوں ممالک کے درمیان باقاعدگی سے سفر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ ہندوستان اور کینیڈا دفاعی تعاون کے ایک نئے معاہدے کی تجدید کے عمل میں ہیں۔