مسجد نبوی: صحنوں میں مزید 20 ہزار سے زیادہ نمازیوں کی گنجائش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-03-2022
مسجد نبوی: صحنوں میں مزید 20 ہزار سے زیادہ نمازیوں کی گنجائش
مسجد نبوی: صحنوں میں مزید 20 ہزار سے زیادہ نمازیوں کی گنجائش

 

 

 مدینہ منورہ : سعودی عرب میں گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اتوار کو مسجد نبوی کے زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے والے مختلف اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کےلیے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ہمراہ دورہ کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ کے تمام سرکاری و نجی ادارے رمضان سے قبل زائرین کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کےلیے مستعد ہیں۔ گورنرمدینہ منورہ کے ہمراہ میئر انجینئر فہد البلیھشی، ڈائریکٹر پولیس میجر جنرل عبدالرحمٰن المشحن اور سیکریٹری گورنریٹ وھیب السھلی بھی تھے۔

شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد نبوی کے خارجی صحنوں کا معائنہ کیا انہوں نے مسجد کے اطراف میں زائرین کو پیش کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ نئے صحنوں کا جنہیں حال ہی میں مکمل کیا گیا، معائنہ کیا جہاں 20 ہزار سے زیادہ مزید زائرین کےلیے نماز کی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔

گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبوی کے صحنوں میں پیدل جانے والوں کے راستوں اور السلام روڈ پر واقع نئے مغربی صحنوں کا بھی معائنہ کیا جہاں تین لاکھ 26 ہزار 429 نمازیوں کی گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔

گورنر مدینہ منورہ نے تاکید کی کہ رمضان کے دوران زائرین کو اعلیٰ اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔ قیادت کی ہدایت ہے کہ مسجد نبوی کے زائرین کے آرام و راحت کےلیے جملہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیرحج وعمرہ نے اطمینان دلایا کہ تمام متعلقہ ادارے رمضان اور باقی عمرہ موسم کے دوران زائرین کی خدمت کےلیے پوری طرح سے مستعد ہیں۔