مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخلہ کے لیے اجازت نامے کی شرط منسوخ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2022
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخلہ کے لیے اجازت نامے کی شرط منسوخ
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخلہ کے لیے اجازت نامے کی شرط منسوخ

 

 

مکہ: مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی میں زیارت کے لیے اجازت نامے کی شرط منسوخ کر دی گئی ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی اور مسجد نبوی میں سلام پیش کرنے کے لیے توکلنا پر اکتفا کیا جائے گا۔‘وزارت نے کہا ہے کہ ’عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی میں روضہ میں نماز کے لیےتوکلنا اور اعتمرنا کے ذریعے پیشگی اجازت نامے کی شرط برقرار ہے۔‘

وزارت نے بتایا ہے کہ ’عمرہ اور روضہ میں پیشگی اجازت نامہ زائرین کو منظم کرنے اور بھیڑ سے بچنے کے لیے ہے۔‘ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے کورونا کے انسداد کے لیے سخت احتیاطی تدابیر میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔کل سعودی وزارت داخلہ نے کہاتھا کہ’ امور صحت کے نگران اداروں کی جانب سے جاری سفارشات کی روشنی میں متعدد احتیاطی تدابیر میں نرمی کی جارہی ہے۔‘

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ’ حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم ماسک کے استعمال کی شرط بدستور عائد رہے گی‘۔تمام مقامات پر( بند اور کھلے ) سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ایس او پیز میں نرمی کے بعد رمضان میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پوری گنجائش کے مطابق زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی۔

اقامہ اور وزٹ ویزا ہولڈز کی طرح بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین بھی پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ سے مستثنی ہوں گے تاہم ویکسین کی مکمل خوراکوں کی شرط بر قرار رہے گی۔

ماہِ رمضان میں عمرہ کے اجازت ناموں کا اجرا شروع

وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ آج اتوار سے رمضان المبارک میں عمرہ اجازت ناموں کا اجرا شروع ہوچکا ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعہ عمرہ اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے‘۔

وزارت نے حرم مکی شریف کے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ’اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد اگر پروگرام میں تبدیلی کا ارادہ ہو تو اجازت نامہ منسوخ کروانا ضروری ہے‘۔ ’اجازت نامہ منسوخ کرانے سے کسی دوسرے شخص کو عمرہ کا موقع دیا جاسکتا ہے‘۔ واضح رہے کہ توکلنا اور اعتمرنا کے ذریعہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ حرم میں کس دن اور کس وقت زیادہ رش ہے۔

سعودی عرب آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم

سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں نرمی کرتے ہوئے حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سنیچر کی شب وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’ کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ مملکت آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ امور صحت کے نگران اداروں کی جانب سے جاری سفارشات کی روشنی میں متعدد احتیاطی تدابیر میں نرمی کی جارہی ہے۔‘ حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم ماسک کے استعمال کی شرط بدستور عائد رہے گی۔

تمام مقامات پر(بند اور کھلے ) سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔ کھلے مقامات پرماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ بند مقامات پرماسک استعمال کیاجائے گا۔ مملکت میں آنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے جبکہ کسی بھی نوعیت کے وزٹ ویزے پرآنے والوں کے لیے میڈیکل انشورنس حاصل کرنا لازمی ہوگا جس میں کورونا کے علاج کی مکمل سہولت فراہم کی گئی ہو۔ بیان کے مطابق مملکت آنے والوں کےلیے قرنطینہ اورآئسولیشن کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے۔