لتھرا برادرس کی حوالگی کے لیے تھائی اور ہندوستانی حکام کی مشترکہ کوششیں

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-12-2025
لتھرا برادرس کی حوالگی کے لیے تھائی اور ہندوستانی حکام کی مشترکہ کوششیں
لتھرا برادرس کی حوالگی کے لیے تھائی اور ہندوستانی حکام کی مشترکہ کوششیں

 



بینکاک/ آواز دی وائس
گووا کے ارپورا میں واقع بدقسمت برچ کلب کے مالکان سوربھ لتھرا اور گورو لتھرا کو اب تھائی دارالحکومت بینکاک کے ایک حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں فوکیٹ میں حراست میں لیا گیا تھا، جہاں سے بعد میں بینکاک منتقل کیا گیا۔ دونوں بھائی 6 دسمبر کو کلب میں آگ لگنے کے حادثے میں 25 افراد کی ہلاکت کے اگلے ہی دن فوکیٹ فرار ہو گئے تھے۔
لتھرا برادرس کو تھائی لینڈ سے بے دخل کر کے واپس بھیجنے کا عمل جاری ہے اور گووا پولیس مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق تھائی پولیس نے جمعرات کو فوکیٹ کے ایک ریزورٹ سے دونوں بھائیوں کو اس وقت حراست میں لیا جب ہندوستان نے ان کے پاسپورٹ معطل کر دیے تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ کارروائی ہندوستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی درخواست پر کی گئی۔ تھائی حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہندوستانی ٹیم بھی دونوں بھائیوں کی واپسی سے متعلق رسمی کارروائیوں میں تعاون کر رہی ہے۔ یہ عمل دونوں ممالک کے درمیان 2015 سے نافذ حوالگی کے معاہدے کے تحت ممکن ہوا ہے۔ تھائی حکام نے واضح کیا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر بروقت اور قانونی حوالگی کو یقینی بنائیں گے۔
بینکاک میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ بھی اس معاملے میں تھائی حکام کے ساتھ سرگرمی سے رابطے میں ہے۔ ذرائع کے مطابق سفارت خانے کی مداخلت کے بعد ہی دونوں بھائیوں کو فوکیٹ میں حراست میں لیا گیا۔ تھائی حکام مقامی قوانین کے تحت کارروائی مکمل کر رہے ہیں، جن میں انہیں ہندوستان واپس بھیجنے کے اقدامات شامل ہیں۔
گووا کے وزیر اعلیٰ پرموڈ ساونت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور حادثے میں جان گنوانے والوں کو انصاف دلایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت 25 جانوں کے نقصان پر انصاف دلانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم کلب مالکان، لتھرا برادرس کو سلاخوں کے پیچھے ڈالیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد چھ افراد کو گرفتار کیا گیا، تین کو معطل کیا گیا اور تیز رفتار تحقیقات جاری ہیں۔ کلب کے تین مالکان میں سے ایک کو دہلی سے گرفتار کیا گیا، جبکہ دو دیگر مالکان کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر جاری کیا گیا۔ ان کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔ وزارتِ خارجہ اور وزیر داخلہ کے تعاون سے لتھرا برادرس کو تھائی لینڈ میں حراست میں لیا گیا۔ گووا اور مرکزی ایجنسیوں کی ٹیم انہیں واپس گووا لائے گی اور قانونی کارروائی کے تحت جیل بھیجا جائے گا۔
ادھر گووا پولیس کے مطابق کلب میں آگ لگنے کے واقعے کے ایک اور ملزم بھرت کوہلی کی پولیس حراست مزید چھ دن کے لیے بڑھا دی گئی ہے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے۔ سیشن کورٹ، ماپوسہ نے ارپورا پنچایت کے سرپنچ روشن ریڈکر اور سیکریٹری رگھو ویر باگکر کی جانب سے دائر کی گئی پیشگی ضمانت کی درخواستوں پر نوٹس جاری کیا ہے۔ گووا پولیس نے تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 16 دسمبر دوپہر 2:30 بجے تک جواب اور دلائل پیش کرنے کی تاریخ مقرر کی ہے۔
اب تک اس واقعے سے جڑے 50 سے زائد بیانات درج کیے جا چکے ہیں، جن میں سرکاری افسران، ملازمین اور متاثرین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 6 دسمبر کی رات ارپورا میں واقع ‘برچ بائے رومیو لین’ نائٹ کلب میں آگ لگنے کے ہولناک حادثے میں پانچ سیاحوں اور 20 عملے کے افراد سمیت 25 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس ریسٹورنٹ کے مالکان گورو لتھرا اور سوربھ لتھرا ہیں۔