پاکستان : دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-02-2026
پاکستان : دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک
پاکستان : دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

 



اسلام آباد
پاکستان میں ہونے والے ایک بڑے دہشت گرد حملے میں 11 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی کو فوجی چوکی کی دیوار سے ٹکرا دیا۔ پاکستان اس وقت مسلسل تشدد اور دھماکوں کی لپیٹ میں ہے۔
پاکستانی فوج کے مطابق یہ حملہ پیر کے روز افغانستان کی سرحد سے متصل باجوڑ ضلع میں ہوا۔ اس خودکش حملے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
فوج کا کہنا ہے کہ جب سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی کو دیوار سے ٹکرا دیا۔ فوج کے مطابق اس خودکش حملے کے دوران 12 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔
ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی
پاکستانی طالبان، جنہیں تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے نام سے جانا جاتا ہے، نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ٹی ٹی پی کا مقصد پاکستان میں شریعت نافذ کرنا ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں ٹی ٹی پی پاکستان کے مختلف علاقوں میں متعدد خودکش حملے کر چکی ہے۔ پاکستان بارہا یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے، تاہم طالبان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔
مسجد میں دھماکہ
چند دن قبل ہی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شیعہ برادری کی ایک مسجد میں دھماکہ ہوا تھا۔ یہ دھماکا جمعے کی نماز کے دوران ہوا، جس میں 30 سے زائد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی۔
پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ
گزشتہ سال اکتوبر میں شمال مغربی پاکستان کے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں ایک پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ اس واقعے میں کم از کم سات پولیس افسران ہلاک ہو گئے تھے۔