تہران نے آبنائے ہرمز کے جہاز کے نقصان میں ملوث ہونے کی تردید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-05-2026
تہران نے آبنائے ہرمز کے جہاز کے نقصان میں ملوث ہونے کی تردید کی
تہران نے آبنائے ہرمز کے جہاز کے نقصان میں ملوث ہونے کی تردید کی

 



سیول
ایران کا سفارت خانہ نے آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کی کمپنی کے زیرِ انتظام ایک جہاز کو پہنچنے والے نقصان کے واقعے میں ایرانی مسلح افواج کے ملوث ہونے کے الزامات کو ’’سختی سے‘‘ مسترد کر دیا ہے۔جمعرات کو جاری ایک سرکاری بیان میں سفارت خانے نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا سفارت خانہ آبنائے ہرمز میں کوریائی جہاز کو نقصان پہنچنے کے واقعے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ملوث ہونے سے متعلق تمام الزامات کو سختی سے مسترد اور قطعی طور پر بے بنیاد قرار دیتا ہے۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعویٰ کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے ایک مال بردار جہاز پر فائرنگ کی۔
ایران نے کہا کہ وہ بارہا خبردار کر چکا ہے کہ آبنائے ہرمز جارح قوتوں اور ان کے حامیوں کے خلاف دفاعی حکمتِ عملی کا ’’اہم حصہ‘‘ ہے۔ بیان کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کے حالات ’’بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال‘‘ سے متاثر ہیں اور ماضی کے مقابلے میں مختلف نوعیت اختیار کر چکے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ علاقہ اس وقت ’’دشمن قوتوں اور ان کے اتحادیوں کی کارروائیوں کے باعث شدید کشیدگی‘‘ کا سامنا کر رہا ہے۔سفارت خانے نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزر کے لیے ’’قابلِ اطلاق قوانین کی مکمل پابندی، جاری کردہ انتباہات پر توجہ، مقررہ راستوں کی پیروی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ‘‘ ضروری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے حالات میں اگر اعلان کردہ تقاضوں اور عملی حقائق کو نظر انداز کیا جائے، جبکہ ماحول فوجی اور سکیورٹی کشیدگی سے متاثر ہو، تو غیر ارادی واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ایران نے مزید کہا کہ ’’ایسے نتائج کی ذمہ داری ان فریقوں پر عائد ہوتی ہے جو ان عوامل کو نظر انداز کرتے ہوئے علاقے میں نقل و حرکت یا سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔
سمندری سلامتی کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے تہران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ’’بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کے مطابق خطے میں بحری جہاز رانی کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر ہمیشہ قائم رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے منگل کو کہا تھا کہ جنوبی کوریا کے زیرِ انتظام جہاز میں دھماکے اور آگ لگنے کی اصل وجہ اس وقت تک معلوم نہیں ہو سکے گی جب تک جہاز کو بندرگاہ تک نہ پہنچا دیا جائے۔ اس لیے دھماکے کی وجہ اور نقصان کی نوعیت ابھی زیرِ تفتیش ہے۔دریں اثنا، پیر کو مقامی وقت کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی قیادت میں جاری بحری کارروائی میں شامل ہو، کیونکہ ان کے مطابق ایران سے منسلک حملے میں جنوبی کوریا کے ایک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔
ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ایران نے ’’جہازوں کی نقل و حرکت، پروجیکٹ فریڈم‘‘ کے دوران ’’غیر متعلقہ ممالک‘‘ کو نشانہ بنایا، جن میں جنوبی کوریا کے ایک مال بردار جہاز کا واقعہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے جواب میں ’’سات چھوٹی کشتیوں‘‘ کو مار گرایا۔
سرکاری ذرائع کے حوالے سے یونہاپ نے بتایا کہ یہ دھماکہ پیر کی رات تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے قریب سمندری علاقے میں پیش آیا۔جہاز میں 24 افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا، جن میں چھ جنوبی کوریائی اور 18 غیر ملکی شہری شامل تھے۔ وزارت کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔