طارق رحمان کی بنگلہ دیش واپسی غیر یقینی ہے، حالانکہ والدہ بیگم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک ہے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-11-2025
طارق رحمان کی بنگلہ دیش واپسی غیر یقینی ہے، حالانکہ ان کی والدہ بیگم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
طارق رحمان کی بنگلہ دیش واپسی غیر یقینی ہے، حالانکہ ان کی والدہ بیگم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔

 



 ڈھاکہ:سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان کی وطن واپسی ایک بار پھر غیر یقینی ہو گئی ہے۔ وجوہات سامنے نہیں آئیں۔ طارق رحمان، جو بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام چیئرمین ہیں، گزشتہ 17 برس سے لندن میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ چند روز قبل بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔

جب بیگم خالدہ ضیا کی طبی حالت "انتہائی تشویشناک" ہوئی، تو بہت سے لوگوں نے سوچا کہ طارق جلد ہی واپس آ جائیں گے۔ مگر طارق رحمان کا کہنا ہے کہ ان کی واپسی صرف ان کی مرضی پر نہیں چلتی۔

اپنی فیس بک پوسٹ میں انہوں نے لکھا، "جیسے ہر بیٹا چاہتا ہے کہ مشکل وقت میں ماں کے لمس کا سہارا ملے، ویسے ہی میری بھی شدید خواہش ہے۔ مگر میری طرح بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہوتے۔"

انہوں نے مزید لکھا، "یہ معاملہ بہت نازک ہے، اس پر تفصیل سے بات کرنے کی گنجائش محدود ہے۔ ہماری فیملی کو امید ہے کہ جب سیاسی حالات کسی مناسب سطح پر پہنچیں گے، تو میری طویل بے چینی ختم ہو جائے گی۔"

بی این پی کے کچھ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات ان کی واپسی میں رکاوٹ ہیں۔ تاہم عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ طارق رحمان کی واپسی پر کسی قسم کی پابندی نہیں۔ چیف ایڈوائزر کے پریس سیکریٹری شفیق العالم سے جب اس بارے میں سوال کیا گیا، تو انہوں نے کہا، "حکومت کی طرف سے کوئی اعتراض یا قدغن نہیں۔"

بیگم خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث دارالحکومت کے ایورکیئر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ وہ کورونری کیئر یونٹ (CCU) میں مقامی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔

80 سالہ سابق وزیر اعظم مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور اس وقت ڈاکٹر گہری نگرانی کر رہے ہیں۔ بی این پی کے سیکریٹری جنرل، میرزا فضل الاسلام عالمگیر کے مطابق، ان کی حالت نہایت نازک ہے۔ عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے بھی ان کی صحت پر تشویش ظاہر کی۔ جمعہ کی رات انہوں نے اپنے مشیر آصف نذرول کو اسپتال بھیجا تاکہ ان کی خیریت معلوم کی جا سکے۔

بیگم خالدہ ضیا کافی عرصے سے دل کے امراض، شوگر، گٹھیا، جگر کے مسائل اور گردوں کی پیچیدگیوں سمیت کئی بیماریوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ وہ رواں سال 8 جنوری کو بہتر علاج کے لیے لندن گئی تھیں۔ 17 دن لندن کلینک میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ اپنے بیٹے طارق رحمان کے گھر منتقل ہو گئیں، جہاں خصوصی معالجین کی نگرانی میں علاج جاری رہا۔ وہ 6 مئی کو وطن واپس لوٹ آئیں۔

بیگم خالدہ ضیا نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔ وہ سابق صدر اور فوجی سربراہ ضیاء الرحمان کی اہلیہ بھی تھیں۔