ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف کم کیا جائے گا: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف کم کیا جائے گا: ٹرمپ
ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف کم کیا جائے گا: ٹرمپ

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگست میں ہندوستان پر روسی تیل خریدنے کے باعث 25 فیصد اضافی ٹیرف (محصول) عائد کیا تھا۔ اس وقت ہندوستانی اشیاء پر مجموعی طور پر 50 فیصد ٹیرف نافذ ہے۔ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان طویل عرصے سے تجارتی معاہدے (ٹریڈ ڈیل) پر بات چیت جاری ہے، اور جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان ایک نئے تجارتی سمجھوتے کے ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ اب ٹرمپ نے ایک بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان پر عائد “انتہائی زیادہ” ٹیرف جلد ہی کم کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکہ کے نئے سفیر سرجیو گور  کی حلف برداری کی تقریب میں کیا۔
ہندوستان پر لگے ٹیرف جلد ہوں گے کم
اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ہندوستان پر عائد "بہت زیادہ" ٹیرف جلد ہی کم کیے جائیں گے۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ فی الحال ہندوستان پر ٹیرف بہت زیادہ ہیں کیونکہ وہ روس سے تیل خرید رہا تھا۔ لیکن اب ہندوستان نے روسی تیل کی خریداری میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ ہاں، ہم آنے والے وقت میں ان ٹیرف کو کم کرنے جا رہے ہیں۔
ٹرمپ کے اس بیان کو ہندوستان-امریکہ کے تجارتی تعلقات میں ایک نئی شروعات کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے طویل عرصے سے ہندوستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ "روسی جنگی مشین" کو فنڈ دینے میں بالواسطہ طور پر مدد کر رہا ہے۔ ان کا کہنا رہا ہے کہ ہندوستان روس کے ساتھ تجارتی تعلقات کے ذریعے اقتصادی تعاون فراہم کر رہا ہے۔
ہندوستان-امریکہ تجارتی ڈیل پر ٹرمپ کا بیان
ٹرمپ نے ہندوستان-امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک نئے سمجھوتے پر کام کر رہے ہیں… یہ پہلے کے مقابلے میں بالکل مختلف قسم کا معاہدہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ روسی تیل پر پابندیوں اور طویل مذاکرات کے باعث ہندوستان میں لوگ ان کے بارے میں کچھ شک اور الجھن محسوس کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ابھی وہ (ہندوستانی) مجھے زیادہ پسند نہیں کرتے، لیکن جلد ہی دوبارہ ہمیں پسند کرنے لگیں گے۔ ہم ایک منصفانہ معاہدہ کر رہے ہیں — صرف ایک فئیر ٹریڈ ڈیل۔ پہلے ہمارے ساتھ جو تجارتی سمجھوتے تھے، وہ خاصے غیر منصفانہ تھے۔
انہوں نے ہندوستانی فریق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بہت اچھے مذاکرات کار ہیں، اور ہم ایک ایسے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔