اسٹاک ہوم۔: ۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سویڈن کے وزیراعظم اُلف کرسٹرسن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ سویڈن نے روس کے خلاف دفاع مضبوط بنانے کے لیے کیف کو 2.7 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ امدادی پیکج میں 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے گرپن لڑاکا طیارے شامل ہیں جو یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنائیں گے۔ اس کے علاوہ تقریباً 40 کروڑ ڈالر یوکرین میں ڈرونز کی تیاری کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سویڈن کی جانب سے ایک نیا امدادی پیکج دیا گیا ہے جو ہمارے شہریوں کی جانیں بچانے اور شہروں و آبادیوں کے تحفظ کے لیے ایک نئی سطح کی مدد فراہم کرے گا۔ 2.7 ارب ڈالر مالیت کے اس پیکج میں مختلف عناصر شامل ہیں جو ہمیں مزید مضبوط بنائیں گے۔ خاص طور پر اس میں ڈرونز کی تیاری کے لیے تقریباً 40 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ شامل ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ سب سے اہم گرپن طیارے ہیں۔ یہ سویڈش لڑاکا طیارے ہماری فضائی قوت اور فضائی دفاع کو مزید مضبوط کریں گے۔ اس پیکج میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی امداد خاص طور پر ان طیاروں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ دس ماہ کے اندر پہلے گرپن طیارے حاصل ہو جائیں گے۔ ہماری جانب سے اس عمل کو ممکن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ ان طیاروں کے ساتھ ہتھیاروں کا پیکج بھی دیا جائے گا جو روسی گائیڈڈ فضائی بموں کے خلاف دفاع میں مدد دے گا۔
یوکرینی صدر نے سویڈش وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات روس کی جانب سے درپیش خطرات کے مقابلے میں نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یورپی یونین کی جانب ہمارے سفر میں سویڈن کی اصولی حمایت پر شکر گزار ہوں۔ ہمیں امید ہے کہ مذاکراتی عمل جلد شروع ہوگا کیونکہ اس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
یورو نیوز کے مطابق سویڈن یوکرین کو گرپن لڑاکا طیاروں کے 16 پرانے ماڈل عطیہ کرے گا تاکہ اس کا فضائی دفاع مضبوط ہو سکے۔ اس کے علاوہ کیف 20 جدید گرپن طیارے بھی خریدے گا۔
زیلنسکی نے مزید بتایا کہ انہوں نے امریکہ کو اینٹی بیلسٹک پیٹریاٹ میزائلوں کی فراہمی کے لیے خط لکھا ہے تاکہ یوکرین کے فضائی دفاع کو تقویت مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ منگل کے روز میں نے اس معاملے پر امریکی صدر اور امریکی کانگریس کو ایک خصوصی خط بھیجا جس میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ کن چیزوں کی ضرورت ہے اور کس طرح مناسب تعداد میں پیٹریاٹ میزائل اور نظام جنگ کے خاتمے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکی ردعمل کی امید ہے اور میں تمام سینیٹرز۔ کانگریس اراکین اور امریکہ میں موجود اپنے دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری اپیل کی حمایت کی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روسی وزارت دفاع نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ کیف میں دفاعی صنعت سے متعلق تنصیبات پر منظم حملوں کا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ حملے گزشتہ ہفتے یوکرینی ڈرون حملے کے جواب میں کیے جائیں گے جس میں مقبوضہ لوہانسک کے علاقے اسٹاروبلسک میں طلبہ کے ایک ہاسٹل کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب ماسکو نے لوہانسک حملے کے بعد یوکرین پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ تاہم یوکرینی فوج نے طلبہ کے ہاسٹل پر حملے کی ذمہ داری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایک ایلیٹ ڈرون کمانڈ یونٹ کو نشانہ بنایا تھا۔