تہران
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کسی بھی غیر علاقائی طاقت کے فوجی طاقت کے مظاہرے کا میدان نہیں ہے۔ کاظم غریب آبادی نے برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے آبنائے ہرمز سے متعلق مشترکہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بحران پیدا کرنے والوں کو ان کے اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ آبنائے ہرمز غیر علاقائی طاقتوں کی فوجی نمائش کا میدان نہیں ہے۔ ایران، جو ایک ذمہ دار طاقت اور آبنائے کی سلامتی کا ضامن ہے، اس آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت پر انتہائی حساس نظر رکھتا ہے۔ آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ممالک کی ذمہ داری ہے، اور بحران پیدا کرنے والوں کو ان کی مہم جوئی کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ یہ ایک سنجیدہ انتباہ ہے۔
متعلقہ مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سلطنت عمان نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر اپنی خودمختار سمندری حدود میں محفوظ بحری نقل و حرکت کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز عالمی معیشت کی ایک اہم شریان ہے۔ اس آبی گزرگاہ کے ذریعے تمام ممالک کے جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کی بحالی عالمی اہمیت کا معاملہ ہے۔ سلطنت عمان نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے تاکہ اس کی خودمختار سمندری حدود میں بحری نقل و حرکت کو محفوظ بنایا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ برطانیہ اور فرانس آبنائے ہرمز میں بحری آزادی کو یقینی بنانے کے لیے وسیع تر کثیر قومی فوجی مشن کی تعیناتی کے لیے بھی تیار ہیں۔ دونوں ممالک خطے کے استحکام، تمام ریاستوں کی خودمختاری کے احترام، اور عالمی سلامتی، بحری آزادی اور بین الاقوامی قانون کے تحفظ کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 جولائی کو ایران نے بحرین میں منعقدہ امریکی قیادت والے علاقائی سلامتی اجلاس پر شدید تنقید کی تھی اور خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے لیے مغربی ممالک کی جانب سے سکیورٹی نظام مسلط کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا تھا۔کاظم غریب آبادی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس فوجی اجلاس کی قانونی حیثیت اور خطے میں امریکی فوجی کمان کے اختیارات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ "آبنائے ہرمز کا انتظام ایران کے دائرۂ اختیار میں ہے، نہ کہ سینٹ کام کے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحرین میں منعقد ہونے والا کوئی فوجی اجلاس خلیج فارس کے لیے "قانونی نظام اور سلامتی" قائم نہیں کر سکتا۔