ایرانی قانون ساز نے ٹرمپ پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-06-2026
ایرانی قانون ساز نے ٹرمپ پر تنقید کی
ایرانی قانون ساز نے ٹرمپ پر تنقید کی

 



تہران
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے پیر کے روز جاری تکنیکی مذاکرات کے دوران امریکہ کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے آبنائے ہرمز پر ایران کے اختیار کا اعادہ کیا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز پر ’’کنٹرول حاصل کرنے‘‘ کی دھمکی دی تھی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں ابراہیم عزیزی نے ٹرمپ کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ’’نہ تو آپ کا ذاتی جوئے خانہ ہے اور نہ ہی جدید دور کے قزاقوں کا پچھواڑا۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ سے متعلق حتمی فیصلہ ایران کے عوام اور اس کی مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ آپ دھمکیاں دیتے ہیں، ہم عمل کرتے ہیں۔ آبنائے ہرمز نہ آپ کا ذاتی کیسینو ہے اور نہ ہی جدید قزاقوں کی آماجگاہ۔ یہ ایران کے خودمختار پانی ہیں اور حتمی فیصلہ ایران کے عظیم عوام اور اس کی بہادر مسلح افواج کریں گی۔
ان کا یہ بیان اس کے بعد سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو انکشاف کیا کہ انہوں نے ہفتے کی رات ایرانی حکام سے بات چیت کی تھی اور تہران کو سخت خبردار کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کسی بھی کوشش سے باز رہے، بصورت دیگر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ممکنہ بحری رکاوٹ کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ اگر اس اہم عالمی بحری راستے کو بند کیا گیا تو واشنگٹن بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا ککہ اگر تم اسے بند کرو گے تو تمہارا ملک ہی نہیں بچے گا۔ تم اپنے ملک واپس بھی نہیں جا سکو گے۔
امریکی صدر نے یہ بھی اشارہ دیا کہ واشنگٹن عالمی بحری راہداری کے تحفظ کے لیے براہِ راست انتظامی کنٹرول سنبھال سکتا ہے اور اس راستے سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں پر فیس بھی عائد کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم آبنائے پر کنٹرول حاصل کر لیں گے۔
ٹرمپ نے مزید خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ معاہدہ نہیں کرتے تو ہم ٹول ٹیکس وصول کریں گے۔
اس سخت لب و لہجے کے باوجود ایران اور امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ’’حادثات اور غلط فہمیوں سے بچنے‘‘ کے لیے براہِ راست رابطے کا ایک نظام قائم کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کا اعلان ثالثی کرنے والے ممالک قطر اور پاکستان نے پیر کے روز اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے دور کے بعد کیا۔سوئٹزرلینڈ کے علاقے لیک لوسرن سمٹ میں جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے پیراگراف 5 میں بیان کردہ مدت کے لیے فریقین کے درمیان ایک رابطہ لائن قائم کی گئی ہے تاکہ حادثات اور غلط فہمیوں سے بچا جا سکے اور آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ رابطہ نظام مفاہمتی یادداشت کے پانچویں پیراگراف سے منسلک ہے، جس کے مطابق:اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران اپنی بھرپور کوششوں کے ذریعے 60 دن کی مدت کے لیے خلیج فارس سے بحیرہ عمان اور بحیرہ عمان سے خلیج فارس تک تجارتی جہازوں کی بلا معاوضہ اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنائے گا۔اس شق کے تحت ایران نے مذاکرات کی 60 روزہ مدت کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کوئی راہداری فیس عائد نہ کرنے اور ان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔
مفاہمتی یادداشت میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’تجارتی جہازوں کی آمدورفت فوری طور پر شروع ہو جائے گی‘‘، جس سے اس اہم آبی گزرگاہ میں تجارتی بحری سرگرمیوں کی فوری بحالی کا اشارہ ملتا ہے۔
اس اقدام کے تحت ایران کو جہاز رانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا اور ایک ماہ کے اندر متعلقہ انتظامات کو عملی شکل دینی ہوگی۔