نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں رکن ممالک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے ریاستی حیثیت ایک حق ہے، انعام نہیں۔ انہوں نے عالمی ادارے کے دیرینہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل-فلسطین تنازع کے حل کے لیے دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا:"اسرائیل-فلسطین تنازع نسلوں سے حل طلب ہے۔ مکالمہ ناکام رہا ہے، قراردادوں کو پامال کیا گیا ہے۔ دو ریاستی حل، جس میں دو آزاد، خودمختار اور جمہوری ریاستیں — اسرائیل اور فلسطین — امن اور سلامتی کے ساتھ ساتھ رہیں، اپنی محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر، جو 1967 سے پہلے کی لکیروں پر مبنی ہوں، اور یروشلم دونوں ریاستوں کا دارالحکومت ہو، یہی بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دیگر معاہدوں کے مطابق درست راستہ ہے۔"گوتریس نے مزید کہا:"فلسطینی ریاستی حیثیت ایک حق ہے، انعام نہیں۔ اس حق سے انکار انتہاپسندوں کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔ بغیر دو ریاستوں کے مشرقِ وسطیٰ میں امن ممکن نہیں۔"
فرانس اور دیگر مغربی ممالک کا فلسطین کو تسلیم کرنا
اسی دوران، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا، جو کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے قبل سامنے آیا۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ اقدام اسرائیل پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔میکرون نے کہا:وقت آ گیا ہے۔ اسی لیے میں آج اعلان کرتا ہوں کہ فرانس ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ فیصلہ اسرائیل کے ساتھ امن کا واحد راستہ ہے اور حماس کی شکست ہے۔ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ دو ریاستی حل کا امکان محفوظ رہے تاکہ اسرائیل اور فلسطین امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ رہ سکیں۔"ان ممالک نے اس سے قبل وعدہ کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق نہ کیا تو وہ فلسطین کو تسلیم کر لیں گے۔
اقوام متحدہ کی قرارداد اور بھارت کا ووٹ
12 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس میں اسرائیل-فلسطین تنازع کے پرامن حل اور دو ریاستی حل پر زور دیا گیا۔ اس قرارداد کے حق میں 142 ممالکنے ووٹ دیا، جن میں بھارت بھی شامل تھا۔
فلسطین کی وزارتِ خارجہ کا خیر مقدم
فلسطینی وزارتِ خارجہ نے کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دو ریاستی حل کے تحفظ اور امن کے حصول کے لیے اہم قدم ہے۔بیان میں کہا گیا:"وزارتِ خارجہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے مختلف ممالک کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور اسے امن کے حصول کے لیے دو ریاستی حل کا تحفظ قرار دیتی ہے۔"
اسرائیل کا سخت ردعمل
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ان فیصلوں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا:"ان رہنماؤں کے لیے میرا واضح پیغام ہے جنہوں نے 7 اکتوبر کے خوفناک قتلِ عام کے بعد فلسطین کو تسلیم کیا: آپ دہشت گردی کو ایک بڑا انعام دے رہے ہیں۔ ایسا نہیں ہوگا۔ دریائے اردن کے مغرب میں کوئی فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قیادت میں اسرائیل نے "یہودیہ اور سامریہ میں یہودی بستیوں کو دوگنا کیا ہے اور یہ عمل جاری رہے گا۔اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے بھی بیان دیا کہ فلسطینی اتھارٹی نے "تشدد کی ترغیب دینا بند نہیں کیا، دہشت گردوں کو انعام دینا بند نہیں کیا اور نہ ہی دہشت گردی کے خلاف مناسب اقدامات کیے ہیں۔وزارت نے کہا:"ریاستی حیثیت حتمی مذاکراتی معاملہ ہے اور اسے امن سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ سیاسی اعلانات جو صرف گھریلو ووٹروں کو خوش کرنے کے لیے ہوں مشرقِ وسطیٰ کے لیے نقصان دہ ہیں۔ اگر یہ ممالک واقعی خطے کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں حماس پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ فوری طور پر یرغمالیوں کو رہا کرے اور ہتھیار ڈال دے۔"