سیول : اسٹار بکس نے اپنے جنوبی کوریا کے CEO سون جیونگ-ہیون کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے، جب کمپنی کی ایک مارکیٹنگ مہم شدید تنازعے کا شکار ہو گئی اور اس کے خلاف بائیکاٹ کی اپیلیں شروع ہو گئیں۔ یہ مہم ریل اسٹیٹ اور ریٹیل کمپنی Shinsegae Group نے چلائی تھی، جو جنوبی کوریا میں اسٹار بکس کو لائسنس اور انتظام فراہم کرتی ہے۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ “نامناسب مارکیٹنگ” قرار دی ہے۔
“ٹینک ڈے” نامی اس مہم کا آغاز اسٹار بکس کے “Tank” سیریز کے ٹمبلرز (کپ) کی تشہیر کے لیے کیا گیا تھا۔ اس کا نعرہ تھا: “اسے ‘ٹَک!’ کی آواز کے ساتھ میز پر رکھیں” مسئلہ یہ تھا کہ یہ مہم اسی دن شروع کی گئی جس دن جنوبی کوریا میں 1980 کے گوانگجو جمہوری تحریک کے مظاہرین پر فوجی کریک ڈاؤن کی برسی منائی جاتی ہے۔
اس واقعے میں اس وقت کی فوجی حکومت نے ٹینکوں اور فوج کے ذریعے مظاہرین پر سخت کارروائی کی تھی، جس میں سیکڑوں افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔ اسی وجہ سے اس مہم کو انتہائی غیر حساس قرار دیا گیا اور عوامی غصے میں اضافہ ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے اسٹار بکس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، اپنے پری پیڈ کارڈز کے ریفنڈ اسکرین شاٹس شیئر کیے اور کچھ صارفین نے کمپنی کے کپ اور مگ توڑنے کی ویڈیوز بھی پوسٹ کیں۔
جنوبی کوریا کے صدر سمیت کئی سیاسی شخصیات نے بھی اس مہم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ گوانگجو کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے تکلیف کا باعث ہے۔ اسٹار بکس نے اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے اسے “ناقابلِ قبول مارکیٹنگ واقعہ” قرار دیا اور مہم کو فوری طور پر واپس لے لیا۔ Shinsegae Group کے چیئرمین نے بھی معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس مہم سے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کو شدید دکھ پہنچا ہے۔
گوانگجو تحریک جنوبی کوریا کی جمہوریت کی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل تھی، جس کے بعد 1987 میں ملک میں آمرانہ نظام کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔