سیئول: جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے جمعہ کے روز سابق صدر یون سوک یول کو مارشل لا نافذ کرنے سے متعلق بعض الزامات میں پانچ سال قید کی سزا سنائی۔ یہ فیصلہ یون کے خلاف دسمبر 2024 میں جاری کیے گئے مارشل لا کے حکم اور دیگر الزامات سے متعلق جاری آٹھ فوجداری مقدمات میں پہلا ہے۔
ان پر عائد کیے گئے سنگین ترین الزامات میں یہ شامل ہے کہ انہوں نے مارشل لا کے نفاذ کے سلسلے میں بغاوت کی قیادت کی۔ اس الزام میں سزائے موت تک کی گنجائش موجود ہے۔ سیئول سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے جمعہ کو اس معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے یون کو دیگر الزامات میں بھی قصوروار ٹھہرایا، جن میں حکام کی جانب سے انہیں حراست میں لینے کی کوششوں کی مزاحمت کرنا شامل ہے۔ یون نے اس فیصلے پر فوری طور پر کوئی عوامی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
تاہم، اس سے قبل جب ایک آزاد وکیل نے ان الزامات میں یون کے لیے 10 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا تو ان کے وکلائے صفائی نے اسے سیاسی طور پر محرک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتنی ’’سخت‘‘ سزا مانگنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ دسمبر 2024 میں مارشل لا کے قلیل مدتی نفاذ کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے ہوئے تھے، جن میں یون کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس کے بعد یون کے خلاف مواخذے (امپیچمنٹ) کی کارروائی ہوئی، انہیں گرفتار کیا گیا اور صدر کے عہدے سے معزول کر دیا گیا۔ یون کا کہنا ہے کہ ان کا ملک پر طویل مدت تک فوجی حکومت نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
ان کے مطابق، یہ حکم صرف عوام کو اس خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے تھا جو ان کے ایجنڈے میں رکاوٹ ڈالنے والی لبرل کنٹرول والی پارلیمنٹ سے پیدا ہو رہا تھا۔ تاہم، تفتیش کاروں نے یون کے اس حکم کو اقتدار کو مضبوط کرنے اور طویل عرصے تک برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا ہے اور ان پر بغاوت، اختیارات کے غلط استعمال اور دیگر فوجداری جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔