سنگاپور :بائی جوز کے بانی بیجو رویندرن کو جیل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-05-2026
سنگاپور :بائی جوز کے بانی بیجو رویندرن کو جیل
سنگاپور :بائی جوز کے بانی بیجو رویندرن کو جیل

 



نئی دہلی: سنگاپور کی ایک عدالت نے بائی جوز کے بانی بیجو رویندرن کو عدالت کی توہین کے معاملے میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے عدالت کی جانب سے دستاویزات ظاہر کرنے سے متعلق ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ تاہم رویندرن نے اس فیصلے کو “محض ایک طریقۂ کار سے متعلق معاملہ” قرار دیتے ہوئے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا اور کہا کہ وہ اس حکم کو چیلنج کریں گے۔ یہ پیش رفت رویندرن اور مشکلات کا شکار ایڈ ٹیک کمپنی بائی جوز کے لیے ایک بڑا قانونی دھچکا سمجھی جا رہی ہے، جو وبا کے دوران کاروباری عروج کے بعد سرمایہ کاروں کے تنازعات، قرض سے متعلق مقدمات اور مالی بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے۔

عدالت نے رویندرن کو حکام کے سامنے خودسپردگی کا حکم دیا، ساتھ ہی 90 ہزار سنگاپور ڈالر (تقریباً 70,500 امریکی ڈالر) قانونی اخراجات ادا کرنے اور “بیئار انویسٹکو پرائیویٹ لمیٹڈ” نامی سنگاپور میں قائم کمپنی میں اپنی ملکیت سے متعلق دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت دی۔ یہ کمپنی ایک ملحقہ ادارے کے حصص رکھتی تھی۔ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ حکم جاری ہونے کے وقت رویندرن سنگاپور میں موجود تھے یا نہیں۔

ان کی قانونی ٹیم نے کہا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے اور عدالت کے احکامات پر روک لگانے کی درخواست دینے پر غور کر رہی ہے۔ یہ کارروائی قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (QIA) کی ایک ذیلی کمپنی کی جانب سے شروع کی گئی تھی، جس نے ایسے وقت میں بائی جوز میں سرمایہ کاری کی تھی جب کمپنی ملازمین کی برطرفیوں اور بڑھتے ہوئے مالی دباؤ سے دوچار تھی۔ یہ تازہ مقدمہ بائی جوز کو درپیش وسیع تر قانونی مشکلات میں مزید اضافہ ہے۔

امریکہ میں بھی کمپنی کے خلاف مقدمات جاری ہیں، جہاں قرض دہندگان 1.2 ارب امریکی ڈالر کے ٹرم لون سے متعلق نقصانات کی وصولی کی کوشش کر رہے ہیں۔ فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے رویندرن نے کہا کہ قرض دہندگان اور سرمایہ کاروں، بشمول جی ایل اے ایس ٹرسٹ اور کیو آئی اے، کے ساتھ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت تقریباً مکمل ہو چکی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے مرحلے پر یہ قانونی کارروائی غیر ضروری تھی۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا، “فریقین اس بات کو بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ نہ میری جانب سے اور نہ ہی دیگر بانیوں کی جانب سے کوئی غلط کام کیا گیا ہے۔” رویندرن نے مؤقف اختیار کیا کہ سنگاپور کی عدالت کا حکم صرف دستاویزات کی فراہمی سے متعلق ایک “طریقۂ کار کا مسئلہ” ہے اور یہ “دھوکہ دہی، بے ایمانی یا کسی غیر قانونی عمل کا فیصلہ نہیں” ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے “تصادم کے بجائے مفاہمت” کا راستہ اختیار کیا ہے اور وہ اس چیز کو چیلنج کریں گے جسے انہوں نے “جھوٹا اور یکطرفہ بیانیہ” قرار دیا۔ “تھنک اینڈ لرن پرائیویٹ لمیٹڈ” کے نام سے قائم ہونے والی بائی جوز آن لائن تعلیم کے عروج کے دوران ہندوستان کی نمایاں ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہونے لگی تھی۔

اس نے عالمی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کیا اور ایک وقت میں اس کی مالیت 22 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی تھی، تاہم بعد میں کمپنی شدید بحران کا شکار ہو گئی۔ رویندرن کے مطابق، قرض دہندگان، کیو آئی اے اور دیگر فریقوں کے ساتھ تصفیہ مذاکرات میں کافی پیش رفت ہو چکی ہے اور صرف چند معاملات باقی رہ گئے ہیں۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ایسے وقت میں جب مذاکرات اختتامی مرحلے میں تھے، سنگاپور کی عدالتی کارروائی کو عوامی سطح پر نمایاں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے کئی قانونی کارروائیوں میں سرگرمی سے دفاع نہیں کیا کیونکہ تمام تنازعات کے جامع حل کی کوششیں جاری تھیں۔ کیو آئی اے کی جانب سے جاری قانونی کارروائی کو “غیر ضروری دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی” قرار دیتے ہوئے رویندرن نے دوبارہ کہا کہ نہ انہوں نے اور نہ ہی دیگر بانیوں نے متنازع فنڈز سے ذاتی فائدہ اٹھایا، بلکہ یہ رقوم جائز کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کی گئیں۔