اولڈبری : برطانیہ کی ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ ایک خاتون نے اولڈبری کے ٹائم روڈ علاقے میں اپنے ساتھ زیادتی کی اطلاع دی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس حملے کو "نسلی بنیادوں پر مبنی" قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق، 20 کی دہائی میں موجود خاتون نے منگل (9 ستمبر) کی صبح تقریباً 8:30 بجے ان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ان پر ٹائم روڈ علاقے میں حملہ ہوا۔ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آوروں میں سے ایک نے دورانِ حملہ اس کے خلاف نسلی تبصرہ کیا۔پولیس بیان کے مطابق، دو مردوں کی تلاش جاری ہے۔ دونوں کا تعلق سفید فام نسل سے بتایا گیا ہے۔ ایک کا سر منڈا ہوا تھا، بھاری جسمانی ڈھانچہ تھا اور وہ گہرے رنگ کی سویٹ شرٹ اور دستانے پہنے ہوئے تھا۔ دوسرے شخص نے سلور زپ والی سرمئی رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی۔
سینڈویل پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ کم میڈل نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم ان مجرموں کی شناخت کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی، فرانزک اور دیگر تحقیقات جاری ہیں۔ ہم اس بات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ اس واقعے سے عوام میں غصہ اور تشویش پیدا ہوئی ہے، اسی لیے میں آج کمیونٹی کے لوگوں سے براہِ راست بات کر رہا ہوں تاکہ انہیں یقین دلایا جا سکے کہ ہم ان ذمہ دار افراد کو گرفتار کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات انتہائی نایاب ہیں، لیکن لوگ علاقے میں اضافی گشت دیکھیں گے۔
پولیس نے مزید کہا کہ اس حملے کو ایک علیحدہ واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔جو کوئی بھی معلومات رکھتا ہے، اسے 101 نمبر پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے اور حوالہ نمبر 798 (9 ستمبر) دینا ہوگا۔دوسری جانب، لیبر پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ پریت کور گل نے ہفتے کو اولڈبری میں ایک سکھ خاتون پر نسلی بنیادوں پر کیے گئے اس حملے کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر خاتون سے کہا کہ وہ "یہاں کی نہیں ہے۔" ایکس پر اپنے بیان میں گل نے کہاکہ میں اولڈبری میں ایک نوجوان سکھ خاتون پر ہونے والے خوفناک حملے سے انتہائی صدمے میں ہوں۔ یہ ایک شدید تشدد کا واقعہ تھا اور اسے نسلی بنیادوں پر مبنی بھی قرار دیا گیا ہے، کیونکہ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر اس سے کہا کہ وہ 'یہاں کی نہیں ہے۔' وہ یہاں کی ہے۔ ہماری سکھ برادری اور ہر برادری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ محفوظ، باعزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھی جائے۔ نسل پرستی اور خواتین سے نفرت کی سوچ کا اولڈبری یا برطانیہ میں کہیں کوئی وجود نہیں۔ میری ہمدردیاں متاثرہ خاتون، ان کے خاندان اور سکھ برادری کے ساتھ ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا:"مجھے علم ہے کہ بہت سے حلقے کے لوگ مجھ سے رابطہ کر رہے ہیں اور اپنے خوف کا اظہار کر رہے ہیں۔ میں آپ کی بات سن رہی ہوں۔ حالیہ دنوں میں کھلے عام نسل پرستی کا بڑھنا انتہائی تشویشناک ہے۔ میں ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہوں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مجرموں کو گرفتار کیا جائے اور ہماری کمیونٹی محفوظ رہے۔ کوئی بھی شخص اپنی شناخت کی وجہ سے خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ میں نفرت انگیز جرائم کے خلاف سخت اقدامات اور متاثرین کے لیے مزید تعاون کا مطالبہ جاری رکھوں گی۔ ہمیں تشدد اور نفرت کے خلاف متحد رہنا ہوگا۔پریت کور گل نے یہ بھی کہا کہ ان کی پیدائش یہیں ہوئی ہے اور ان کے خاندان نے برطانیہ کے لیے نسلوں تک خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہامیری پیدائش یہیں ہوئی، میرا خاندان نسلوں سے اس ملک کی خدمت کر رہا ہے۔ میرے دادا اور پردادا دونوں نے برطانیہ کے لیے عالمی جنگوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے اس ملک کے لیے قربانیاں دیں کیونکہ وہ اس پر یقین رکھتے تھے اور میں اس وراثت پر فخر کرتی ہوں۔ سکھ تاریخ پڑھیں!"