چین اور امریکہ کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے۔ٹرمپ سے ملاقات میں شی جن پنگ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2026
چین اور امریکہ کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے۔ٹرمپ سے ملاقات میں شی جن پنگ
چین اور امریکہ کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے۔ٹرمپ سے ملاقات میں شی جن پنگ

 



 بیجنگ : چینی صدر شی جن پنگ نے جمعرات کو بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران چین اور امریکہ کے درمیان “محاذ آرائی” کے بجائے “تعاون” پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کو “حریف نہیں بلکہ شراکت دار” ہونا چاہیے۔ یہ ملاقات ٹرمپ کے دو روزہ دورۂ چین کے تحت ہوئی۔

اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا اس وقت “ایسی تبدیلی” سے گزر رہی ہے جو ایک صدی میں نہیں دیکھی گئی اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان چین اور امریکہ کے مستحکم تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

چینی صدر نے کہا۔ “پوری دنیا ہماری ملاقات کو دیکھ رہی ہے۔ اس وقت ایک ایسی تبدیلی تیزی سے دنیا بھر میں رونما ہو رہی ہے جو ایک صدی میں نہیں دیکھی گئی اور بین الاقوامی صورتحال غیر مستحکم اور ہنگامہ خیز ہے۔ دنیا ایک نئے دوراہے پر پہنچ چکی ہے۔”

دونوں عالمی طاقتوں کے تعلقات کے مستقبل کے بارے میں وسیع تر سوالات اٹھاتے ہوئے شی جن پنگ نے سوال کیا کہ کیا چین اور امریکہ “تھوسیڈائڈز ٹریپ” سے نکل کر تعلقات کا “نیا ماڈل” قائم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا۔ “کیا چین اور امریکہ تھوسیڈائڈز ٹریپ پر قابو پا کر بڑی طاقتوں کے تعلقات کا نیا نمونہ تشکیل دے سکتے ہیں؟ کیا ہم عالمی چیلنجز کا مل کر سامنا کر سکتے ہیں اور دنیا کو مزید استحکام فراہم کر سکتے ہیں؟ کیا ہم اپنے دونوں عوام کی فلاح اور انسانیت کے مستقبل کے مفاد میں مل کر اپنے دو طرفہ تعلقات کے لیے روشن مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں؟”

انہوں نے مزید کہا۔ “یہ وہ سوالات ہیں جو تاریخ۔ دنیا اور عوام کے لیے اہم ہیں۔ یہ ہمارے دور کے وہ سوالات ہیں جن کا جواب آپ اور مجھے بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کی حیثیت سے دینا ہوگا۔”

شی جن پنگ نے “تھوسیڈائڈز ٹریپ” کا حوالہ دیتے ہوئے مغربی ایشیا میں امریکہ اور ایران کے حالیہ تنازع کی جانب اشارہ کیا۔

یہ اصطلاح سب سے پہلے ہارورڈ یونیورسٹی کے اسکالر گراہم ٹی ایلیسن نے مقبول بنائی تھی جس سے مراد وہ شدید ساختی کشیدگی اور تصادم کے خطرات ہیں جو اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب کوئی ابھرتی ہوئی طاقت کسی موجودہ عالمی طاقت کی برتری کو چیلنج کرتی ہے۔

شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعاون سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ محاذ آرائی دونوں کے لیے نقصان دہ ہوگی۔

انہوں نے کہا۔ “میں ہمیشہ یہ سمجھتا ہوں کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات سے زیادہ مشترکہ مفادات موجود ہیں۔ ایک کی کامیابی دوسرے کے لیے موقع ہے۔ اور مستحکم دو طرفہ تعلقات دنیا کے لیے مفید ہیں۔ چین اور امریکہ دونوں تعاون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور محاذ آرائی سے نقصان اٹھائیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا۔ “ہمیں حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے۔ ہمیں ایک دوسرے کی کامیابی میں مدد کرنی چاہیے اور مل کر ترقی کرنی چاہیے اور نئی دنیا میں بڑی طاقتوں کے درمیان بہتر تعلقات کا درست راستہ تلاش کرنا چاہیے۔”

شی جن پنگ نے نو برس بعد ٹرمپ کا دوبارہ چین آنے پر خیر مقدم بھی کیا اور امریکہ کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ سے قبل امریکی عوام کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا۔ “مجھے بیجنگ میں آپ سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی۔ نو برس بعد دوبارہ چین آمد پر خوش آمدید۔ اس سال امریکہ کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ ہے۔ میں آپ کو اور امریکی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”چینی صدر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں رہنما مل کر دو طرفہ تعلقات میں “نئے باب” کا آغاز کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا۔ “جناب صدر۔ میں ہمارے دونوں ممالک اور دنیا کے لیے اہم مسائل پر آپ سے گفتگو کا منتظر ہوں اور آپ کے ساتھ مل کر چین امریکہ تعلقات کے اس عظیم جہاز کی سمت متعین کرنے اور اسے آگے بڑھانے کا خواہش مند ہوں تاکہ 2026 ایک تاریخی سال بنے جو چین اور امریکہ کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز کرے۔”

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب تجارت۔ ٹیکنالوجی۔ علاقائی سلامتی اور جغرافیائی سیاسی مسابقت جیسے معاملات پر چین اور امریکہ کے تعلقات پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔