امریکی سفیر سیرجیو گور مارکو روبیو کے ہمراہ مشنریز آف چیریٹی پہنچے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-05-2026
امریکی سفیر سیرجیو گور مارکو روبیو کے ہمراہ مشنریز آف چیریٹی پہنچے
امریکی سفیر سیرجیو گور مارکو روبیو کے ہمراہ مشنریز آف چیریٹی پہنچے

 



کولکتہ
ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سیرجیو گور نے ہفتے کے روز کہا کہ امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات صرف اسٹریٹجک تعاون تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ انسانی اقدار پر بھی قائم ہیں۔ انہوں نے یہ بات امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ہمراہ کولکتہ میں مشنریز آف چیریٹی کے دورے کے بعد کہی۔
سیرجیو گور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یں وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ کولکتہ میں مشنریز آف چیریٹی کے دورے میں شریک ہوا۔ ایسے مواقع ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ امریکہ-ہندوستان شراکت داری صرف مضبوط پالیسیوں پر نہیں بلکہ مشترکہ اقدار اور بے لوث خدمت کے اس جذبے پر بھی قائم ہے جو سرحدوں سے بالاتر ہے۔
اس سے قبل سیرجیو گور نے مارکو روبیو کا ہندوستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کواڈ کے تحت تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک "اہم اور جامع ایجنڈا" طے کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ اپنے دوست وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا ہندوستان میں استقبال کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہمارے سامنے ایک اہم ایجنڈا ہے، جس میں کواڈ وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی شامل ہے۔ اس کا مقصد امریکی صدر کے وژن کے مطابق امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہترین مذاکرات اور مشترکہ پیش رفت کا منتظر ہوں۔
دریں اثنا، امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اپنی اہلیہ جینیٹ ڈی روبیو کے ساتھ ہفتے کے روز کولکتہ میں واقع نرملہ شِشو بھون مشنریز آف چیریٹی پہنچے۔ نرملہ شِشو بھون بچوں کے خصوصی نگہداشت مراکز کا ایک نیٹ ورک ہے، جسے مشنریز آف چیریٹی چلاتی ہے۔ یہ تنظیم 1950 میں مدر ٹریسا نے قائم کی تھی۔
اس سے قبل مارکو روبیو اور ان کی اہلیہ نے وسطی کولکتہ میں واقع مدر ہاؤس کا دورہ کیا، جو مشنریز آف چیریٹی کا عالمی صدر دفتر ہے۔ اس سے قبل مئی 2012 میں ہلری کلنٹن کولکتہ آنے والی آخری امریکی وزیرِ خارجہ تھیں۔
مارکو روبیو ہفتے کی صبح کولکتہ پہنچے، جس کے ساتھ 14 برس بعد کسی اعلیٰ امریکی سفارتکار کا اس مشرقی شہر کا دورہ ممکن ہوا۔ یہ قیام ان کے چار روزہ دورۂ ہندوستان کا پہلا مرحلہ ہے۔روبیو کا یہ پہلا سرکاری دورہ تجارت، ٹیکنالوجی، دفاع، توانائی کے تحفظ اور انڈو پیسیفک حکمتِ عملی جیسے شعبوں میں واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی ایک اہم کوشش سمجھا جا رہا ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی بڑھ رہی ہے، جبکہ 26 مئی کو نئی دہلی میں کواڈ وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی منعقد ہونے والا ہے۔سیرجیو گور کولکتہ ہوائی اڈے پر بھی موجود تھے جہاں انہوں نے مارکو روبیو کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایکس پر بتایا کہ روبیو نئی دہلی جائیں گے جہاں وہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور دیگر اعلیٰ ہندوستانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
سویڈن اور ہندوستان روانگی سے قبل میامی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا تھا کہ امریکہ نے توانائی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ہندوستانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی تیل اور گیس کی پیداوار ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔23 سے 26 مئی تک جاری رہنے والے اس دورے کے دوران روبیو کولکتہ، آگرہ، جے پور اور نئی دہلی جائیں گے۔ توقع ہے کہ ان ملاقاتوں میں تجارت، توانائی کے تحفظ اور دفاعی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مارکو روبیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واشنگٹن، ہندوستان کے متنوع توانائی نظام میں مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے وینیزویلا کے خام تیل سے متعلق ممکنہ تعاون کا اشارہ بھی دیا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب عالمی ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث ہندوستان کو معاشی اور بحری نقل و حمل کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ نے موجودہ عالمی حالات میں امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے ہندوستان کو "ایک بہترین شراکت دار" کہا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ نئی دہلی میں ہونے والے آئندہ کواڈ وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔اس اہم سفارتی سرگرمی کے تحت ہندوستان 26 مئی کو کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کرے گا، جہاں انڈو پیسیفک خطے کی سلامتی کی صورتحال اور مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔
ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل کواڈ گروپ کا یہ اعلیٰ سطحی اجلاس وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کی صدارت میں منعقد ہوگا۔