سنگاپور: ہندوستان نے ہفتہ کے روز سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے موقع پر اپنے اعلیٰ سطحی دفاعی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے نیدرلینڈز، آسٹریلیا اور یورپی یونین کے اعلیٰ دفاعی حکام کے ساتھ الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، فوجی ہم آہنگی (انٹرآپریبلٹی) اور دفاعی صنعتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ وزارتِ دفاع نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ راجیش کمار سنگھ نے نیدرلینڈز کی وزیرِ دفاع ڈیلان یشیلگوز-زیگیریئس سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ، فوجی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے اور دفاعی صنعت میں اشتراک کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
بیان کے مطابق یہ گفتگو ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاس ہے۔ وزارتِ دفاع نے ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ دفاعی سکریٹری نے آسٹریلیا کی دفاعی سکریٹری میگھن کوئن کے ساتھ بھی دوطرفہ مذاکرات کیے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، آئندہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ شنگری لا ڈائیلاگ کے موقع پر ہندوستان اور یورپی یونین نے بھی دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق راجیش کمار سنگھ نے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی سیکریٹری جنرل بیلن مارٹینیز کاربونیل اور یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے نائب چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اینریکو بارڈوانی سے ملاقات کی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات سے ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے کو مزید تقویت ملی، جس میں مشترکہ سلامتی کے مفادات اور دفاعی و اسٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
اس سے قبل ہفتہ کو دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے سنگاپور کے کرانجی وار میموریل پر حاضری دی اور پہلی و دوسری عالمی جنگ میں جان قربان کرنے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزارتِ دفاع نے کہا کہ یہ خراجِ عقیدت ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان مشترکہ تاریخی ورثے کو یاد رکھنے اور باہمی تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اسی روز راجیش کمار سنگھ نے شنگری لا ڈائیلاگ 2026 کے موقع پر کینیڈا کے قومی دفاع کے سینئر ایسوسی ایٹ ڈپٹی وزیر کیلون بروسو کے ساتھ بھی ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔