نیویارک، : بھارت نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات سے متعلق جنسی تشدد (Conflict-Related Sexual Violence - CRSV) کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنسی تشدد کو جنگ، دہشت گردی، تشدد اور سیاسی جبر کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد برادریوں کو زیرِ نگیں لانا، اختلافِ رائے کو دبانا اور انسانی مصائب میں اضافہ کرنا ہے۔
تنازعات سے متعلق جنسی تشدد کے موضوع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب سفیر پی ہریش نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی رپورٹ، جس میں 2025 کے دوران تصدیق شدہ واقعات میں نمایاں اضافے اور ان میں ہونے والے انتہائی سفاکانہ تشدد کی نشاندہی کی گئی ہے، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مشترکہ کارروائی کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا، "آج کا یہ کھلا مباحثہ ایسے موضوع پر منعقد ہو رہا ہے جس پر تمام رکن ممالک کو مل کر غور کرنا چاہیے، خصوصاً اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اس رپورٹ کے تناظر میں، جس میں 2025 کے دوران تنازعات سے متعلق جنسی تشدد کے تصدیق شدہ واقعات میں نمایاں اضافے اور ان کے انتہائی وحشیانہ پہلوؤں کی تصدیق کی گئی ہے۔"
سفیر پی ہریش نے مزید کہا، "جنسی تشدد آج بھی جنگ، دہشت گردی، تشدد اور سیاسی جبر کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ برادریوں کو محکوم بنایا جائے، اختلافِ رائے کو دبایا جائے اور انسانوں کو ناقابلِ بیان تکالیف سے دوچار کیا جائے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ سب ایسے ماحول میں جاری ہے جہاں سزا سے استثنیٰ (Impunity) کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے۔ ہم ان گھناؤنے جرائم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔"
بھارت کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں ادا کیے گئے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین امن اہلکاروں کی تعیناتی نے تنازعات سے متعلق جنسی تشدد سے نمٹنے میں "انقلابی اثرات" مرتب کیے ہیں۔
انہوں نے کہا، "بھارت کے تجربے کے مطابق خواتین امن اہلکاروں کی تعیناتی ایک مؤثر اور آزمودہ اقدام ہے، جس نے تنازعات سے متعلق جنسی تشدد سے نمٹنے میں نمایاں نتائج دیے ہیں۔ 2007 میں لائبیریا میں بھارت کی جانب سے تعینات کی گئی اقوامِ متحدہ کی پہلی مکمل خواتین پولیس یونٹ نے جرائم کی روک تھام، جنسی اور صنفی بنیاد پر تشدد کی حوصلہ شکنی، اور عوام میں تحفظ اور اعتماد کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ خواتین امن اہلکار اپنے منفرد تجربات اور نقطۂ نظر کے ذریعے ایسے نظام کو مزید مضبوط بناتی ہیں جو تنازعات کے دوران جنسی تشدد کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔"
سفیر پی ہریش نے یہ بھی اعلان کیا کہ بھارتی امن اہلکار میجر معیز یاسین اور میجر سونیا دیویندر ناوسکر کو تنازعات سے متعلق جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے نمایاں خدمات پر 2026 کا اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا "ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ریکگنیشن سرٹیفکیٹ" عطا کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ "میجر معیز یاسین نے اقوامِ متحدہ کے مشن میں فورس اومبڈزپرسن اور ویلفیئر آفیسر کی حیثیت سے متاثرین کے لیے شکایات درج کرانے کا ایک آسان، محفوظ اور متاثرہ فرد پر مبنی خفیہ نظام قائم کیا۔ انہوں نے فوجی دستوں، پولیس دستوں اور فوجی مبصرین کے لیے 40 سے زائد خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے، جبکہ شواہد پر مبنی صنفی منصوبہ بندی کے لیے ایک جامع جینڈر ڈیٹا بیس بھی تیار کیا۔"
انہوں نے مزید کہا، "میجر سونیا دیویندر ناوسکر، جو یونیفارم میں خدمات انجام دینے والی خواتین کی فوکل پوائنٹ اور اقوامِ متحدہ کے جینڈر ٹاسک فورس کی رکن ہیں، نے تنازعات سے متعلق جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس اور منصوبہ بندی کے شعبوں میں فعال کردار ادا کیا، اقوامِ متحدہ کی پولیس اور فوج کے بہترین عملی نیٹ ورکس قائم کیے اور میزبان ملک کے ساتھ صنفی امور پر مؤثر رابطہ استوار کیا۔"
سفیر پی ہریش نے کہا، "مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میجر معیز یاسین اور میجر سونیا دیویندر ناوسکر کو ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے 2026 کا 'ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ریکگنیشن سرٹیفکیٹ' دیا جا رہا ہے۔ وہ بھارتی امن اہلکاروں کی اس شاندار روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں، جنہیں اس سے قبل 2019، 2024 اور 2025 میں بھی اسی اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔"