پاک - ہند تنازع کے دوران 7 نئے طیارے مار گرائے گئے تھے: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-10-2025
پاک - ہند تنازع کے دوران 7 نئے طیارے مار گرائے گئے تھے: ٹرمپ
پاک - ہند تنازع کے دوران 7 نئے طیارے مار گرائے گئے تھے: ٹرمپ

 



ٹوکیو/ آواز دی وائس
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تصادم کے دوران ’’سات بالکل نئے‘‘ طیارے مار گرائے گئے تھے۔ تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ طیارے کس ملک کے تھے۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے ’’دو بڑی ایٹمی طاقتوں‘‘ کے درمیان فوجی تصادم کو رکوایا تھا۔
ٹوکیو میں منگل کے روز تاجروں کے ساتھ عشائیہ کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ سات طیارے گرادیے گئے، سات بالکل نئے، خوبصورت طیارے — اور وہ دونوں بڑی ایٹمی طاقتیں آپس میں لڑ رہی تھیں۔ امریکی صدر نے دوبارہ کہا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعہ ختم کرانے کے لیے تجارت کو ذریعہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم مودی سے کہا، میں نے ایک بہت اچھے اور شریف وزیر اعظم سے، اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سے کہا کہ دیکھئے، اگر آپ لوگ لڑتے رہیں گے تو ہم کوئی تجارت نہیں کریں گے۔ٹرمپ نے بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان نے یہ دلیل دی کہ جنگ کا امریکہ کے ساتھ تجارت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ (انہوں نے کہا) ایک بات کا دوسری سے کوئی تعلق نہیں۔ میں نے کہا کہ اس کا بہت گہرا تعلق ہے… آپ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں۔ سب متاثر ہوں گے، ہے نا؟ اور میں نے کہا کہ اگر آپ لڑیں گے تو ہم کوئی معاہدہ نہیں کریں گے۔ اور تقریباً 24 گھنٹے کے اندر تصادم ختم ہوگیا۔ یہ واقعی حیرت انگیز تھا۔
قابلِ ذکر ہے کہ 10 مئی کو ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان نے ’’مکمل اور فوری‘‘ جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واشنگٹن کی ثالثی میں ’’دیر رات تک‘‘ جاری رہنے والی بات چیت کے بعد ممکن ہوا۔ تب سے ٹرمپ کئی بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے ہندوستان–پاکستان تنازعہ کو ’’حل کرانے میں مدد دی‘‘۔ہندوستان نے مسلسل یہ واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ دونوں ممالک کی افواج کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان براہِ راست بات چیت کے ذریعے ہوا تھا۔
ہندوستان نے 7 مئی کو ’آپریشن سیندور‘ شروع کیا، جس میں پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں کی گئی تھی، جس میں 26 شہری مارے گئے تھے۔
ہندوستان اور پاکستان چار دن تک جاری رہنے والے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی پر راضی ہوئے۔