کاراکاس وینزویلا : وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے منگل کے روز امریکہ کے حالیہ حملے کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے بعد ملک میں سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق روڈریگز نے سرکاری نشریاتی ادارے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوگ ان نوجوان مردوں اور خواتین کے اعزاز میں منایا جائے گا جنہوں نے وینزویلا اور صدر نکولس مادورو کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں۔
ڈیلسی روڈریگز نے امریکی تحویل میں موجود نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا۔ دونوں اس وقت نیویارک کے بروکلین میں واقع میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر میں قید ہیں اور انہوں نے منشیات اور اسلحہ سے متعلق الزامات پر خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔
روڈریگز نے کہا کہ وینزویلا جنگ میں نہیں ہے بلکہ یہ ایک پرامن ملک ہے جس پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وینزویلا پر کوئی غیر ملکی طاقت حکومت نہیں کر رہی اور ملک کی باگ ڈور مکمل طور پر وینزویلا کی حکومت کے ہاتھ میں ہے۔
وینزویلا کی حکومت نے امریکی کارروائی میں ہونے والی ہلاکتوں کی سرکاری تعداد جاری نہیں کی تاہم اٹارنی جنرل کے مطابق درجنوں اموات کی تحقیقات کے لیے تین حکام مقرر کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل کیوبا کی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی کارروائی میں بتیس کیوبن شہری مارے گئے۔
ڈیلسی روڈریگز نے پیر کے روز معزول صدر نکولس مادورو کی عارضی جگہ سنبھالی تھی اور کہا کہ غیر ملکی دباؤ کے باوجود وینزویلا کی خودمختاری برقرار ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وینزویلا کی عبوری انتظامیہ تیس سے پچاس ملین بیرل پابندی زدہ تیل امریکہ کو منتقل کرے گی جسے مارکیٹ قیمت پر فروخت کیا جائے گا اور اس رقم کو امریکی صدر کے کنٹرول میں رکھا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
روڈریگز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کاراکاس پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جس میں وینزویلا کے تیل کے وسائل تک رسائی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔