بلوچستان کے مختلف اضلاع سے سات لاشیں برآمد، جبری گمشدگیوں پر خدشات پھر نمایاں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-07-2026
بلوچستان کے مختلف اضلاع سے سات لاشیں برآمد، جبری گمشدگیوں پر خدشات پھر نمایاں
بلوچستان کے مختلف اضلاع سے سات لاشیں برآمد، جبری گمشدگیوں پر خدشات پھر نمایاں

 



کوئٹہ:پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے سات افراد کی لاشیں برآمد ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ متعدد لاشوں پر گولیوں کے نشانات موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ یہ خبر دی بلوچستان پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں دی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ لاشیں پنجگور۔ سوراب۔ قلات۔ مستونگ اور کیچ اضلاع سے برآمد ہوئیں۔ ان واقعات کے بعد بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور جبری گمشدگیوں سے متعلق خدشات ایک بار پھر موضوع بحث بن گئے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق پنجگور کے نیوان ندی علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی۔ لاش کو شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوراب میں دو نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جن کے جسموں پر متعدد گولیوں کے نشانات ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔قلات کے ریج علاقے سے دو مزید لاشیں ملی ہیں جبکہ اسی ضلع کے رودینجو علاقے سے اس سے قبل ایک اور لاش برآمد ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔

دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق مستونگ کے جنگل کراس علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد لاش کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔کیچ ضلع کی تحصیل بلیدہ کے بل ناگور علاقے سے بھی ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر بل ناگور پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

بلوچستان میں گزشتہ کئی برسوں سے جبری گمشدگیوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا الزام ہے کہ سیاسی کارکنوں۔ طلبہ اور عام شہریوں کو بغیر قانونی کارروائی کے حراست میں لیا جاتا ہے اور بعد میں بعض افراد کی لاشیں ملتی ہیں جبکہ کئی اب بھی لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی حکام جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ تمام سکیورٹی کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دی جاتی ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں اور بلوچ حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے ان اموات کی شفاف تحقیقات۔ ذمہ دار افراد کے احتساب اور صوبے میں جبری گمشدگیوں کے خاتمے کا مطالبہ دہرایا ہے۔